مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحٖیظ شیخ کی زیر صدارت نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس

32 اثاثوں میں سے 17 جائیدادوں کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے سے متعلق ایرا کی تجویزمسترد ، ایس ایم ای بینک لمیٹڈ کے ساتھ ساتھ پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 15 نومبر 2019 22:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی(سی سی پی) نے 32 اثاثوں میں سے 17 جائیدادوں کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے سے متعلق ایرا(ای ای آر ای) کی تجویزمسترد اور ایس ایم ای بینک لمیٹڈ کے ساتھ ساتھ پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔یہ ہدایت جمعہ کو مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحٖیظ شیخ کی صدارت منعقدہ نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔

کمیٹی نے ایس ایم ای بنک کی نجکاری کا بھی فیصلہ کیا اور بنک کی نجکاری کیلئے نجکاری کمیشن کی جانب سے جمع کردہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دیدی۔ قبل ازیں کمیٹی کو بتایا گیا کہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کا جائزہ لیا گیا اور نجکاری کمیشن کی تشکیل کردہ ٹرانزیکشن کمیٹی کیجانب سے سفارش کی گئی ہے، یہ کمیٹی پی سی بورڈ ممبران ، فنانس ڈویژن ، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ایم ای بینک پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

نجکاری کمیشن اور سی سی او پی نے پری کوالیفیکشن معیار کا جائزہ لیا اور ممکنہ بولی دہندگان کے لئے منظوری دیدی۔ سی سی پی نے پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری کا معاملہ بھی زیر بحث لایا اور نیو یارک میں روزویلٹ ہوٹل اور پیرس میں ہوٹل سکرائب سمیت پی آئی اے جائیدادوں کی جلد از جلد فرخت کیلئے تمام ضروری تقاضوں کا جائزہ لینے کی غرض سے ٹاسک فورس تشکیل کرنیکی تجویز کی بھی منظوری دیدی۔

فیصلہ کے تحت ٹاسک فورس کی قیادت وزیر نجکاری کمشین محمد میاں سومرو کرینگے جبکہ اس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری،سیکرٹری نجکاری کمیشن اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ سمیت روز ویلٹ ہوٹل کارپوریشن سے متعلق قانونی و فنانشل کنسلٹنٹ شامل ہونگے۔ سی سی پی نے پی آئی اے انتظامیہ کو کمیٹی کے اگلے اجلاس میں اس سلسلے میں فزیبلٹی اسٹڈی کے نتائج پیش کرنیکی بھی ہدایت کی۔

سی سی او پی نے پی آئی اے انتظامیہ کو کام میں پیشرفت سے متعلق ماہانہ بنیادوں پر کمیٹی کو اپ ڈیٹ کرنے بھی ہدایت کی اور ایئر لائن انتظامیہ کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ ایوی ایشن ڈویژن کے ساتھ مل کر اپنے منصوبے پر عملدرآمد کرے۔کامرس ڈویژن نے ملتان میں انڈسٹریل ایریا میں واقع 15ایکٹر پلاٹ کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کی تجویز پیش کی تھی ،کا مرس ڈویژن کا کہنا تھا کہ یہ پلاٹ کم قیمت پر فروخت کی بجائے کسی دوسرے مقصد کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے، تاہم سی سی پی نے مذکورہ اثاثے کی نجکاری پر عملدر آمد کیا جائیگا کیونکہ حکومت پہلے ہی اس کی نجکاری کا فیصلہ کر چکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں