نواز شریف اپنی جگہ ہر صورت مریم نواز کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں

نواز شریف لندن پہنچنے کے بعد ممکنہ طور پر ویڈیو پیغام جاری کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 نومبر 2019 10:56

نواز شریف اپنی جگہ ہر صورت مریم نواز کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) : نوازشریف کے بیرون ملک جانے کے بعد مسلم لیگ ن کس بیانیے پر چلے گی اور کون پارٹی کو حقیقت میں لیڈ کرے گا کے حوالے سے قائد ن لیگ نے اپنا ویڈیو بیان ریکارڈ کروا دیا جبکہ ایک اور ویڈیو بیان بیرون ملک جا کر ریکارڈ کروایا جائے گا۔ اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں ویڈیو بیان موقع کی نزاکت اور حالات کو دیکھتے ہوئے جاری کئے جائیں گے ۔

اگر نوازشریف کا بیانیہ ہی پارٹی کے اندر چلتا ہے تو پھر یہ ویڈیو ریکارڈنگ باہر نہیں آئے گی اور اگر پارٹی کو کوئی ہائی جیک یاتقسیم کرنے کی کوشش ہو تی ہے تو پھر ویڈیو بیان سامنے آ سکتا ہے ۔ نوازشریف کے ویڈیو بیان میں مریم نواز اور شہباز شریف دونوں کا تذکرہ ہو گا اور ساتھ میں نوازشریف کے چند وفادار قریبی ساتھیوں کا بھی ذکر ہو گا، سب سے زیادہ ترجیح اور اشارہ مریم کے نام پر ہو گا، اس ضمن میں نوازشریف نے اپنے کچھ قریبی ساتھیوں کو ہدایات بھی جاری کر رکھی ہیں اور نوازشریف ہر صورت میں مریم نواز کو اپنی جگہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کے صحت مند ہو کر آنے کی صورت میں بھی وہ شہبازشریف سے زیادہ اہم ہیں۔ دوسری جانب یہ اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ اگر نوازشریف کی صحت بہتر نہ ہوئی تو مریم نواز بھی دسمبر کے پہلے ہفتہ میں باہر جانے کیلئے عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں ۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اب سے کچھ دیر قبل ائیر ایمبولینس میں لندن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا نوا شریف دوحہ کے راستے برطانیہ جائیں گے، ایئر بس اے 319-133LR A7MED کے زریعے سابق وزیراعظم کی روانگی ہوگی، نواز شریف شام ساڑھے چھ بجے لندن ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں