ڈائریکٹر فوڈ خیبرپختونخوا کے خلاف تحریک استحقاق پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان بالا میں پیش

جمعہ 24 جنوری 2020 13:03

ڈائریکٹر فوڈ خیبرپختونخوا کے خلاف تحریک استحقاق پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان بالا میں پیش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) سینٹ میں ڈائریکٹر فوڈ خیبرپختونخوا کے خلاف تحریک استحقاق پر قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاقات کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ عائشہ رضا فاروق نے ایوان کو بتایا کہ ڈائریکٹر فوڈ کے پی کے کے خلاف سینیٹر اورنگزیب خان نے استحقاق مجروح کرنے کی تحریک پیش کی تھی جس پر قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق یہ افسر اب بھی اپنے عہدے پر فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے کہا کہ اس افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اگر جس افسر نے ڈائریکٹر فوڈ کے خلاف کارروائی کرنی ہے‘ اور نہیں کی تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اسٹیبشمنٹ ڈویژن سے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی تو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو طلب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں