وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ملاقات

پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال، بلوچستان میں بین الاقوامی مشترکہ منصوبوں سے متعلق جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا

جمعہ 18 ستمبر 2020 17:27

وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے پٹرولیم ہاؤس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جمعہ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں حکومت بلوچستان اور پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے پٹرولیم کے شعبہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور بلوچستان میں بین الاقوامی مشترکہ منصوبوں سے متعلق جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

فریقین نے تیل اور گیس کے شعبے سمیت توانائی میں فیڈریشن اور صوبہ کے مابین باہمی تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر اور معاون خصوصی نے وزیراعلیٰ کو بلوچستان میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تیل کے شعبہ سے متعلق بنیادی ڈھانچہ کے ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبے میں معدنیات کے شعبہ کی ترقی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے مابین تعاون پر بھی گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے قدرتی وسائل کی ترقی کے لئے ایک جامع پالیسی تیار کی ہے اور قدرتی وسائل کی ترقی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں متعدد منصوبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے قدرتی وسائل کے ذریعہ صوبائی معیشت کو استحکام بخشنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ بلوچستان کے لوگ صوبے میں ترقیاتی اور معاشی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر نے ملک میں قدرتی وسائل سے زیادہ سے زیادہ باہمی فائدہ اٹھانے کے لئے توانائی کے منصوبوں پر مشاورت اور تعاون بڑھانے کا عزم کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں