پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تحریک کے خلاف علما اور مشائخ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اس اقدام سے حکومت کی دینی حلقو ں میں نیک نامی میں اضافہ ہو گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جنوری 2021 11:01

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تحریک کے خلاف علما اور مشائخ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2021ء) : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی تحریک کے خلاف حکومت نے علما اور مشائخ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے معاملہ پرحکومت کی جانب سے جید علماء مشائخ کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنور الحق قادری کی زیر صدارت آج اہم بیٹھک ہو گی جس کے بعد متوقع طور پر شرکا کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروائے جانے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک اور اس میں ایک دینی جماعت سے وابستہ قد آور شخصیت کی جانب سے روا رکھے جانے والے رویے اور قومی اداروں پر بے جا تنقید کر کے ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوششوں کے حوالے سے ملک بھر کے تمام مسالک کے جید علماء مشائخ کو اعتماد میں لینے کے لئے آج ایک اہم بیٹھک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آج مدعو کیے جانے والے علماء مشائخ کو وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی کے دفتر میں آنے کی دعوت دی گئی ہے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، بعد ازاں مذکورہ جید علماء مشائخ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کروائے جانے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کے اس اقدام کو تمام مسالک اور تمام مذہب کی سرکردہ شخصیات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت کے اس اقدام سے حکومت کی دینی حلقوں میں نیک نامی میں اضافہ کے علاوہ حکومت پر دینی حلقوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں