نور مقدم قتل کیس; میں نے نور کو کہا کہ میں 7 لاکھ کا انتظام نہیں کر سکتا جس پر نور مقدم نے کہا کہ پیسے بہت ضروری چاہئیں

نور نے والدین کو بتانے سے منع کیا تھا، نور نے کہا کہ اپنے جاننے والوں سے انتظام کردو۔ نور مقدم کے ڈرائیور کا انکشاف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 27 جولائی 2021 11:14

نور مقدم قتل کیس; میں نے نور کو کہا کہ میں 7 لاکھ کا انتظام نہیں کر سکتا جس پر نور مقدم نے کہا کہ پیسے بہت ضروری چاہئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2021ء) : نور مقدم قتل کیس میں نور کے ڈرائیور نے اہم انکشافات کر دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نور مقدم کے ڈرائیور نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نور مقدم نے اسے فون کال کی اور کہا کہ اسے فوری طور پر 7 لاکھ روپے چاہئیں جن کا والدین کو پتا نا چلے۔ ڈرائیور نے کہا کہ میں نے نور مقدم سے کہا کہ میں 7 لاکھ کا انتظام نہیں کر سکتا جس پر نور مقدم نے کہا کہ پیسے بہت ضروری چاہئیں، کسی دوست سے لے لو، اپنے جاننے والوں سے انتظام کردو۔

ڈرائیور کا کہنا تھا کہ میں نے 3 لاکھ روپے کا انتظام کیا اور 19 جولائی کو پیر کے روز دوپہر کے وقت نور مقدم کی جانب سے دیے جانے والے پتے پر میں ظاہر جعفر کے گھر پہنچا، نور مقدم کو فون کیا تو انہوں نے کہا میں باہر نہیں آ سکتی، پیسے خانسامے کے حوالے کر دو جس کے بعد میں نے 3 لاکھ روپے خانسامے کو پکڑا دیے۔

(جاری ہے)

ڈرائیور خلیل نے کہا کہ میں نے پولیس کے سامنے ملزم ظاہر جعفر کے خانسامے کی شناخت کردی ہے ۔

نور مقدم کے ڈرائیور نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب نور مقدم نے مجھے پہلی بار فون کیا تو کہا کہ والدین کو بتا دو کہ میں لاہور جا رہی ہوں۔ انکشاف کے مطابق ڈرائیور جب والدین کو لاہور سے متعلق بتانے گھر کے اندر گیا تو نور مقدم کی والدہ نور مقدم کے والد سے اسی معاملے پر بات کر رہی تھیں اور والد کہہ رہے تھے کہ کل عید کا دن ہے اورنور لاہور کیوں جا رہی ہے۔

ڈرائیور نے کہا کہ میں سمجھ گیا کہ نور مقدم نے اپنی والدہ کو فون کر دیا ہے، اس لیے میں کچھ کہے بغیر وہاں سے واپس آ گیا۔ تحقیقات کرنے والے ذرائع کے مطابق نور کا اپنی والدہ سے رابطہ تھا اور نور نے اپنی زندگی کے آخری روز یعنی 20 جولائی کو منگل کے دن صبح 10 بجے اپنی ماں سے ٹیلی فون پر بات بھی کی۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق ڈرائیور کے بیان اور اغوا اور تاوان سے متعلق جب پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔

نور مقدم قتل کیس میں سامنے آنے والے انکشافات کے مطابق ظاہر جعفر کے گھر سے نور مقدم نے اپنے ڈرائیور کو فون کرکے والدین کو بتائے بغیر 7 لاکھ روپے کا فوری انتظام کرنے کا کہا تھا۔ نور مقدم 18 تاریخ کو اتوار کی رات سوا 9 بجے اپنے گھر سے نکلی اور لگ بھگ آدھے گھنٹے بعد پونے 10 بجے ظاہر کے گھر پہنچ گئی تھی جب کہ نور نے 19جولائی کو پیر کی صبح 9.50 پر اپنے ڈرائیور خلیل کو فون کیا جس کے بعد اس کا کئی بار ڈرائیور سے رابطہ ہوا۔

اس معاملے کی نئے زاویوں پر تحقیقات شروع کا آغاز کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ رات نور مقدم قتل کیس کی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم ظاہر جعفر نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم نے نور مقدم کو قتل کرنے کا اعتراف تو کر لیا، تاہم قتل کی وجہ کے حوالے سے بار بار مختلف بیان دے رہا ہے۔ پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش کے دوران تمام ویڈیو شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں