وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،دو لاکھ 20 ہزار ٹن گندم کی خریداری کے آرڈر دیدئے گئے ہیں، ملکی ضروریات کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں،بریفنگ

منگل 3 اگست 2021 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں گندم، چینی، دالوں اور چکن کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ ہفتے 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جولائی میں مہنگائی کی شرح 8.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہاکہ جولائی میں مہنگائی کی شرح جون کی 9.7 فیصد کے مقابلے میں 1.3 فیصد کم ہوئی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے گندم کے دستیاب وافر ذخائر پر کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دو لاکھ 20 ہزار ٹن گندم کی خریداری کے آرڈر دیدئے گئے ہیں۔

گندم کے ملکی ذخائر کو تقویت دینے کیلئے 20 لاکھ ٹن گندم فوری درآمد کرنے کی ہدائیت کی گئی۔سیکرٹری صنعت و پیداوار نے چینی کے دستیاب ذخائر پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملکی ضروریات کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔وزیر خزانہ نے چینی، گندم، دالوں، خوردنی تیل کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدائیت کی ۔سیکرٹری خزانہ نے ہمسایہ ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں پر بھی بریفنگ دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں