وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ، فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو

منگل 16 اپریل 2024 13:20

وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں وفد کی ملاقات ، فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی،عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے ۔

وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدلامحسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل انجینئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے ۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جسکی نظیر نہیں ملتی۔ شہبازشریف نے کہاکہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ عزت مآب شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے پاکستان سعودیہ تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کیلئے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وزیر اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اسکے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔سعودی وفد کا دورہ پاکستان، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، سید محسن رضا نقوی، جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ محمد جہانزیب خان، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور حکومتی حکام بھی شریک تھے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں