قدرتی طور پر خطے کی صورت حال پر تشویش ہے‘ایرانی صدر کے استقبال کے منتظرہیں. پاکستان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو خطے میں غلط مس ایڈوینچر سے روکا جائے. ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 19 اپریل 2024 18:18

قدرتی طور پر خطے کی صورت حال پر تشویش ہے‘ایرانی صدر کے استقبال کے منتظرہیں. پاکستان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اپریل۔2024 ) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملے سے متعلق خبروں پر کہا ہے کہ ہم تاحال اس صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، جب ہمارے پاس مزید تفصیلات ہوں گی اور ایران اس پر بات کرے گا تو ہم اس پر بات کریں گے. اسلام آباد میں برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں قدرتی طور پر خطے کی صورت حال پر تشویش ہے اسرائیل کا ایران کے سفارت خانے پر کیا گیا حملہ غیر ذمہ دارانہ تھا ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے.

(جاری ہے)

اسرائیل نے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے کے بجائے ڈھٹائی سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری رکھی ہے ‘ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یکم اپریل کو ایرانی قونصل خانے پر اسرائیل کے غیر ذمہ دارانہ اور لاپرواہ حملے سے پہلے سے ہی خطے میں عدم استحکام کی صورت حال ہے. انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو خطے میں غلط مس ایڈوینچر سے روکا جائے.

دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے ممکنہ دورے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے استقبال کے منتظر ہیں جلد ہی اس سے متعلق باضابطہ اعلان کریں گے.                                                                                                       

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں