امارات میں ایئرپورٹ پر پھنسے بیشتر مسافر وطن واپس پہنچ گئے، خواجہ آصف

سفارتخانہ باقی مسافروں کے ساتھ رابطے میں ہے، ان کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، وزیر دفاع

جمعہ 19 اپریل 2024 23:03

امارات میں ایئرپورٹ پر پھنسے بیشتر مسافر وطن واپس پہنچ گئے، خواجہ آصف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یو اے ای میں ایئرپورٹ پر پھنسے بیشتر مسافر الحمد للّٰہ وطن واپس آگئے ہیں، سفارتخانہ باقی مسافروں کے ساتھ رابطے میں ہے، ان کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات سے پاکستانی سفیر نے ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کی تفصیلی رپورٹ بھجوادی اس حوالے سے خواجہ آصف نے بتایاکہ 16 اپریل کی شام یو اے ای میں 75 سال کی ریکارڈ بارش ہوئی۔

منگل کی شام تک دبئی میں 24 گھنٹوں کے دوران 142ملی میٹر سے زائد بارش ہوچکی تھی۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف کے مطابق دبئی میں سالانہ اوسط بارش 94.7 ملی میٹر ہوتی ہے۔ بارش کے پیش نظر ابوظبی، العین، دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس پر پروازیں منسوخ کی گئیں۔ابوظبی، العین، دبئی اور شارجہ ایئر پورٹس پر پروازوں میں تاخیر بھی ہوئی اور پروازیں واپس بھجوائی گئیں۔ دبئی ایئرپورٹ پر صورتحال مزید سنگین تھی۔ انہوں نے کہا ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے، دبئی میں قونصلیٹ جنرل میں 24/7 ہیلپ لائنز قائم کی گئیں۔ خواجہ آصف نے کہا اندازے کے مطابق مختلف ممالک کے 60 ہزار مسافر صرف دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے تھے۔ 150 کے قریب پاکستانی شہری بھی دبئی میں پھنس گئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں