آئی ایم ایف بورڈ کا 29 اپریل تک کا شیڈول جاری، پاکستان ایجنڈے میں شامل نہیں

سٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد آئی ایم ایف نے معاملے پرایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں بلانے کا عندیہ دیا تھا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 12:08

آئی ایم ایف بورڈ کا 29 اپریل تک کا شیڈول جاری، پاکستان ایجنڈے میں شامل نہیں
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے بورڈ کا 29 اپریل تک کا شیڈول جاری کر دیا گیا جس میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے، پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا جانے کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کے معاملے پرایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں بلانے کا عندیہ دیا تھا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس کے 29 اپریل تک جاری ہونے والے ایجنڈے میں پاکستان کے اقتصادی جائزے کو شامل نہیں کیا گیا، اس حوالے سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ 20 مارچ 2024ء کو طے پایا تھا لیکن آئی ایم ایف ایگزیکٹوبورڈ کی منظوری سے پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملے گی، آخری قسط کی حتمی منظوری کے ساتھ ہی 3 ارب ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ختم ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف سمیت تمام مالیاتی اداروں سے بات چیت کو مثبت قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مختلف عالمی اداروں کے ساتھ ملکر متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، پاکستان کم ازکم 6 ارب ڈالر کا نیا پروگرام لے گا، قرض پر اتفاق ہوا تو اضافی فنانسنگ کی بھی درخواست کریں گے، پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

فاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہے اور اس حوالے سے اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، رواں سال یا اگلے مالی سال کے دوران بڑا خطرہ نظر نہیں آ رہا، چین نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا ہے، سی پیک چین کی طرف سے شاندار منصوبہ ہے، پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں