بطور ڈاکٹر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کو دیکھ کر سلوپوائزنگ سے انکار نہیں کرسکتا

دو ماہ پہلے ٹیسٹ نہیں ہونے دیا اگراس وقت ٹیسٹ ہو جاتا تو انڈوسکوپی میں بہت زیادہ نظر آتا، یہ بہت تشویشناک چیز ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اپریل 2024 18:35

بطور ڈاکٹر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کو دیکھ کر سلوپوائزنگ سے انکار نہیں کرسکتا
اسلام آبا د( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل 2024ء) پی ٹی آئی کے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے بشریٰ بی بی کو سلو پوائزنگ کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ بطور ڈاکٹر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کو دیکھ کر سلوپوائزنگ سے انکار نہیں کرسکتا، دو ماہ پہلے ٹیسٹ نہیں ہونے دیا اگراس وقت ٹیسٹ ہو جاتا تو انڈوسکوپی میں بہت زیادہ نظر آتا، یہ بہت تشویشناک چیز ہے۔

انہوں نے ترجمان پی ٹی آئی راؤف حسن کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے پوئے کہا کہ انڈواسکوپی ایسی چیز ہے جس میں معدے اور کھانے والی نالی کا اندر سے معائنہ کیا جاتا ہے، دیکھا جاتا ہے کہ چوٹ لگی یا کیمیکل کی وجہ سے اس کی اوپر والی لیئر جل گئی ہے۔ مریض کی ہسٹری دیکھیں تو مریض کہتا ہے کہ مجھے کھانے کو کچھ ایسا دیا گیا جس سے میری طبیعت خراب ہوگی، جب بشریٰ بی بی نے شکایت کی تو پکڑے گئے ان کو ڈر پڑ گیا، پھر انہوں نے دو ماہ ٹیسٹ نہیں ہونے دیا اگر اس وقت ٹیسٹ ہو جاتا تو انڈوسکوپی میں جو کچھ آج نظر آرہا اس سے بہت زیادہ نظر آتا، بطور ڈاکٹر میں ان چیزوں کو دیکھ کر سلو پوائزنگ سے انکار نہیں کر سکتا یہ بہت تشویشناک چیز ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کو فوری طور پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان ڈاکٹرز سے علاج کروایا جائے جن پر عمران خان کو اعتماد ہو، ہمیں اعتماد ہو اور بشریٰ بی بی کو اعتماد ہو، اب کوئی بھی بات چھپ نہیں سکتی، ہم بشریٰ بی بی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آپ اس طرف حالات کو نہ لے کر جائیں کہ پھر معاملات ہمارے ہاتھ سے بھی نکل جائیں، جوڈیشری کو اس وقت اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیوں کہ انصاف کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹ ہے سب کو پتا ہے وہ کون ہے- رؤف حسن کا کہنا ہے کہ کل رات ایک ایمبولینس کافی دیر بنی گالہ میں رہی، اس کو ہمارے لوگوں نے روکنے کی کوشش کی لیکن نہیں رکی، رات دیر گئے پھر ایک ایمبولینس آئی، ہمارے لوگوں نے ان سے معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی معلومات نہیں دی گئیں کہ کیا ہوا ہے، غیر انسانیت کا عالم یہ ہے کہ انہوں نے کسی فیملی ممبر کو بھی کسی قسم کی کوئی بریفننگ نہیں دی۔

اس موقع پر صدر پی ٹی آئی ویمن ونگ کنول شوذب نے کہا کہ رجیم چینج میں آپ نے یہ روایت پڑتے دیکھی کہ خواتین کو ٹارگٹ کیا جانے لگا، بشریٰ بی بی کو کبھی کسی نے کسی سیاسی معاملات میں دخل اندازی کرتے نہیں دیکھا، تو کیا وجہ ہے ان کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، وجہ یہ ہے کہ نشانے پر عمران خان ہے کیوں کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا، آج اس وقت خواتین ونگ کی صدر علیمہ خان نہیں بلکہ ایک پارٹی ورکر بیٹھی ہے، یہاں عمران خان کے خاندان کا کوئی بندہ نہیں، باقی ہر جماعت میں عہدوں پر خاندان بیٹھے ملیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں