سینیٹر شبلی فراز نے حکومت سے بات چیت کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کر دی

ہم پاکستان کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیںلیکن جبر کے ماحول میں بات نہیں ہوسکتی،مذاکرات کیلئے پہلے بہتر ماحول بنایا جائے،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 اپریل 2024 15:50

سینیٹر شبلی فراز نے حکومت سے بات چیت کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کر دی
اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل2024 ء) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت سے بات چیت کیلئے مشروط تیار ہے ،ہم پاکستان کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہیںلیکن جبر کے ماحول میں بات نہیں ہوسکتی،مذاکرات کیلئے پہلے بہتر ماحول بنایا جائے،بانی پی ٹی آئی عمران خان اورتمام خواتین سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے،ملک میں قانون و آئین کی حکمرانی لائی جائے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پرقائم تمام سیاسی مقدمات پہلے ختم کئے جائیں اور پارٹی کو سیاسی آزادی و سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان لندن یا کسی اور ملک نہیں جائیں گے۔ہمارے ساتھ جو ہوا اس پر آزاد جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

سیاسی انتقام کے ماحول میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آسکے گا۔

عدالتوں سے سیاسی فیصلے کرائے جارہے ہیں، بظاہر جمہوری و پارلیمانی نظام قائم ہے۔ ملک اس وقت مریض کی صورتحال اختیار کرچکا ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے دئیے گئے بیان سے متعلق انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد پر قبضہ کی بات سیاسی ہے۔ رہنماءپی ٹی آئی شبلی فرازکا مزید کہنا تھا کہ وزراءکی باتیں کہ اس وقت ملک میںسب اچھا ہے یہ سب ہوائی باتیں ہیں۔

حکومت کو عام آدمی کی تکلیف کا اندازہ ہی نہیں ہے ۔ملک میں غریب مہنگائی کی چکی میں پس گیا ہے۔ تحریک انصاف نے تیسری بار انٹرا پارٹی الیکشنز کرائے اس پر بھی اعتراض لگا دیا گیاہے۔ملک میں آئین اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ آئین اور قانون پر چلے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ ہمیں اس ایوان کا تقدس بحال کرنا ہے، انتخابی دھاندلی کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور جس کا مینڈیٹ ہے اس کو واپس دیا جائے۔ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکہ مار گیا ہے اس زیادتی کاازالہ کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں