حکومت کا غیرملکیوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر اور مقامات کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر داخلہ کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 11:37

حکومت کا غیرملکیوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2024ء ) حکومت نے غیرملکیوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں غیرملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر اور مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے، ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو بھی فوری نمٹانے کا حکم دیا، ان کا کہنا ہے کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنی چاہیے، پروموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی، اسی طرح اسلام آباد پولیس میں تمام خالی اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد سیف سٹی کا نظام لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہوگا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت بہتر کر رہے ہیں چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے، اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کیا ہے، ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کر کے قابل عمل حل تجاویز دی جائیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کا جلد فیصلہ کیا جائے گا، کارڈ ہولڈر افغان باشندوں کو 3 ماہ کی ایکسٹینشن دی گئی ہے،آئی جی اسلام آباد نہ تو سوتے ہیں اور نہ ہی کسی کو سونے دیتے ہیں، ہمارے لئے اسلام آباد میں کرائم کی شرح کو نیچے لانا سب سے ضروری ہے، پنجاب میں کرائم 30 فیصد نیچے لا سکتے ہیں تو اسلام آباد میں بھی کرائم نیچے لا سکتے ہیں، 3 ماہ میں اسلام آباد کے تھانوں کی صورتحال تبدیل کریں گے، اسلام آباد کے تھانوں میں بہتری لانی ہے آئندہ دنوں میں آپ بہتریں دیکھیں گے، وزارت داخلہ کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان پر کام کا جلد آغاز ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں