پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے،پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وفاقی وزیر

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:57

پاکستان  میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے،پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، وفاقی وزیر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا ، چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے قونصل جنرل کو چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، چینی بھائیوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے دوست ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں