عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ

درخواست دہندہ کے وکیل کے انتظار میں کیس کی سماعت میں وقفہ‘ کیس میں بار بار رضوان عباسی کی جانب سے التوا مانگا گیا ہے ‘عدالت فیصلہ سنائے.وکیل عثمان گل کی استدعا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 مئی 2024 10:42

عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14مئی۔2024 ) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی عدت نکاح کیس میں اپیلوں پر سماعت میں ایک بجے تک کا وقفہ کردیا گیا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج شاہ رخ ارجمند نے سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی، بشری بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت کے روبرو پیش ہوئے.

نجی ٹی وی کے مطابق رضوان عباسی کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی ایک بجے آ جائیں گے، ہائی کورٹ، سپریم کوٹ میں کیسز ہیں، وکیل بشری بی بی عثمان گل نے کہا کہ اس کیس میں بار بار رضوان عباسی کی جانب سے التوا مانگا گیا ہے .

(جاری ہے)

جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ ایک بجے سے لیٹ نہیں ہونا آج لازمی عدالت میں پیش ہوں عثمان گل نے کہا کہ عدالت کا اختیار ہے ہماری سزا معطلی کی درخواست موجود ہیں دلائل مکمل ہو چکے عدالت سے درخواست ہے کہ سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کریں.

اس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہا کہ گزشتہ آرڈر میں لکھا ہے کہ اگر رضوان عباسی پیش نہیں ہوتے تو سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کروں گا بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت میں ایک بجے تک وقفہ کر دیا واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر خاور مانیکا نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان، بشریٰ بی بی کی شادی فراڈ تھی جو ثابت ہوئی، خاور مانیکا کو عدت میں رجوع کرنے کے حق سے محروم رکھا گیا، عدالت نے سماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی تھی.

واضح رہے کہ 9 اپریل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزاﺅں کے خلاف اپیلوں پر سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی تھی جبکہ جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ اگر وکیل شکایت کنندہ رضوان عباسی آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو فیصلہ سنا دوں گا. 11 مارچ کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف دائر اپیل پر آئندہ سماعت میں فریقین سے دلائل طلب کرلیے تھے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں