جولائی میں بجلی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان

وزارت توانائی حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو آگاہ کردیا گیا۔ انگریزی اخبار کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مئی 2024 10:40

جولائی میں بجلی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد  ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء ) ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی جولائی میں بجلی بھی 7 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ انگریزی اخبار ٹریبیون کے مطابق پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کروائی ہے کہ جولائی میں سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے بجلی کے اوسط ٹیرف میں 5 سے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ متوقع ہے، رواں ہفتے پاور سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے دوران اس حوالے سے بات چیت ہوئی۔

حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بارت چیت کے دوران وزارت توانائی حکام کی جانب سے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں کی بنیاد پر سالانہ بیس ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 5 سے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا ہے، یہ موجودہ بنیادی ٹیرف کی بنیاد پر تقریباً 20 فیصد اضافہ بنتا ہے، تاہم آئی ایم ایف نے وزارت سے کہا ہے وہ سالانہ بیس ٹیرف میں اضافے کے لیے استعمال کیے جانے والے مفروضوں کے بارے میں مزید تفصیلات بتائے، اس سے ایسا لگتا ہے شاید آئی ایم ایف اضافے کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہے، جو پاور ڈویژن کی توقع سے کم ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 7 روپے فی یونٹ متوقع اضافہ آئندہ مالی سال 2024/25ء کے لیے 1 اعشاریہ 2 ٹریلین روپے سے زیادہ کی سالانہ بجٹ سبسڈی کی بنیاد پر تھا، سبسڈی کی مقدار میں تبدیلی کی صورت میں اس کا اثر بجلی کی قیمتوں میں متوقع اضافے پر بھی پڑسکتا ہے، وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کی سبسڈی کی مد میں زیادہ سے زیادہ 920 ارب روپے دینے کا عندیہ دیا ہے تاہم اس بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں