9 مئی کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعہ چیلنج کی جائینگی،فیصل ملک ایڈووکیٹ

دہشت گردی دفعات کو 29 مئی کی سماعت میں چیلنج کیا جائے گا،سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ضمانت منظور کرنے کے فیصلوں میں دہشت گردی دفعات پر سوال اٹھائے گئے ہیں،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 15 مئی 2024 12:40

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) پاکستان تحریک انصاف کی لیگل ٹیم کے سربراہ فیصل ملک ایڈووکیٹ کا کہنا ہے 9 مئی کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے،دہشت گردی دفعات کو 29 مئی کی سماعت میں چیلنج کیا جائے گا،سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ضمانت منظور کرنے کے فیصلوں میں دہشت گردی دفعات پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔

اسلام آبادکی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی آبزرویشن اور دستیاب شواہد کے مطابق 9 مئی کے تمام کیسز سے دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی درخواستیں دائر کی جارہی ہیں۔دریں اثناءاحتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں جیل حکام کی استدعا منظورکرتے ہوئے سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے آج اڈیالہ جیل میں سماعت کرنا تھی ، جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل صوبہ کی حساس ترین جیل جہاں اہم سیاسی شخصیات قید ہیں، احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف آج اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر کررکھی ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث سماعت ملتوی کی جائے۔

جیل حکام کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب سے موصول رپورٹ کے مطابق میانوالی،ڈیزہ غازی خان،راولپنڈی اور اٹک جیل کو سکیورٹی تھریٹس ہیں۔بعدازاں احتساب عدالت نے جیل حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 17 مئی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں