سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوتی ،سی پیک جیسا منصوبہ ہمارے لئے تحفہ ہے، احسن اقبال

بدھ 15 مئی 2024 14:29

سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوتی ،سی پیک جیسا منصوبہ ہمارے لئے تحفہ ہے، احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان ہر قسم کی دولت سے مالا مال ہے،امن کے بغیر کسی ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی ،سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوتی ،سی پیک جیسا منصوبہ ہمارے لئے تحفہ ہے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پاکستان ڈویلپمنٹ سمٹ میں خصوصی خطاب کرتےہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے ، وسائل کو صحیح طریقے سے مفید بنانے کے لیے انتظامات کی کمی ہے،ہمیں ایک قومی اقتصادی چارٹر بنانا ہوگا، کسی بھی ملک میں پالیسی کا تسلسل برقرار رہے تو ترقی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ایک اہم منصوبے کے لیے ورک پلان بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ہر قسم کی دولت سے مالا مال ہے،ہم انڈر ڈویلپ نہیں انڈر منیج کنٹری ہیں ۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم دس سال میں ملک کو ترقی کی راہ پر لے جا سکتے ہیں ، امن کے بغیر کسی ملک میں ترقی نہیں ہو سکتی ،سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہاکہ کسی جمہوری حکومت کو کم از10سال مسلسل مل جائیں تو پالیسیاں کامیاب ہو جاتی ہیں ، ہمیں ایک قوم بن کر کام کرنا ہوگا،ہمیں اپنی اقصادی ترقی کے سفرمیں ہمیں ہمسائیہ ممالک کو پیچھے چھوڑنا ہے ۔

احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک جیسا منصوبہ قدرت نے ہمیں تحفے میں دیا ہے ، حکومت کی آمدن7ہزارارب روپے اورقرضوں کی واپسی 8 ہزارارب روپے ہے،ایک ہزارارب روپےقرض لیناپڑتا ہے، ہمیں اپنے وسائل کو متحرک کرنا ہے، ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی بجلی کا بل ادا نہیں کرتی،بڑے بڑے کاروباری ادارے اورتاجر ٹیکس اداکرنا جرم سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم زر مبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے، ہمارے مستقبل کی کامیابی کاانحصار زر مبادلہ کے ذخائر پر ہے،ہم نے تین سالوں میں 75 ارب ڈالر قرضوں کی ادائیگی کرنا ہے ۔

سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پلاننگ اویس سمرا نے کہا کہ پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔معیشت کی بحالی کے لیے جامع پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے،تاہم پلاننگ کمیشن نے5-ایز کا فریم ورک تیار کیا ہے،جس میں قلیل، درمیانی اور طویل مدت کے مختلف منصوبے شامل ہیں۔ 5- ایز میں ایکسپورٹ، انرجی، ای پاکستان، انوائرنمنٹ، ایکیوٹی شامل ہیں۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں