مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں

ایک ہفتے میں دالوں، گوشت، بعض سبزیوں سمیت 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 16 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 مئی 2024 18:52

مہنگائی کی شرح میں کمی کے باوجود 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی 2024ء) ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہوکر 21.22 فیصد کی سطح پر آ گئی ہے، ایک ہفتے میں 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.06 فیصد کمی ہوئی۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 21 اعشاریہ 22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں سولہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ایک ہفتے میں آلو کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 28 پیسے، بیف 10 روپے، مٹن 20 روپے ، دال چنا فی کلو 3 روپے تک مہنگی ہوئی، انڈے فی درجن 2 روپے، زندہ مرغی فی کلو ایک روپے اور دہی کی قیمت 27 پیسے بڑھ گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح حالیہ ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلوقیمت میں 27 روپے، پیاز فی کلو قیمت 27 روپے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 46 روپے تک کمی ہوئی۔

دوسری جانب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو ڈالر کے لحاظ سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مارکیٹ قرار دے دیا گیا۔ امریکی معاشی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ ڈالر کے لحاظ سے 84 فیصد بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ فائدہ 16 مئی 2023 سے 16 مئی 2024 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے کے دوران روپے کے لحاظ سے مارکیٹ پانچویں نمبر پر رہی جس میں 79.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا اسٹاک مارکیٹ 364 فیصد اضافے کے ساتھ سرفہرست ہے۔ استنبول 125 فیصد کے ساتھ دوسرے اور نائجیرین اسٹاک مارکیٹ 87 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں