ٹیریان جیڈ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف نااہلی کیس

جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں3 رکنی نیا لارجر بنچ تشکیل، چیف جسٹس عامر فاروق نے خود کو ٹیران وائٹ کیس سے الگ کرلیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا نیا بنچ 21 مئی کو کیس کی سماعت کرے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 17 مئی 2024 19:55

ٹیریان جیڈ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف نااہلی کیس
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی 2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیریان جیڈ وائٹ کیس کی سماعت کیلئے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں3 رکنی نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ٹیریان جیڈ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر بانی پی ٹی آئی کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا ہے،
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں تین رکنی نیا لارجر بنچ تشکیل دیا گیا ہے۔

بنچ میں جسٹس سرباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہوں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بنچ 21 مئی کو کیس کی سماعت کرے گا۔
بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس عامر فاروق نے خود کو ٹیریان جیڈ وائٹ کیس سے الگ کرلیا ہے، اس سے قبل چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہا تھا، جسٹس محسن اخترکیانی اور ارباب محمد طاہر بھی لارجر بنچ کا حصہ تھے، دو ججز نے اپنے فیصلے میں ٹیریان کیس ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)


دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے خفیہ اداروں سے منسلک اہلکاروں کے عدالت میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمور جہانگیری نے خفیہ اداروں سے منسلک اہلکاروں کے عدالت میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا۔ 
کمرہ عدالت کے باہر تعینات پولیس اہلکار نے اس بات کی تصدیق کر دی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ عدالت کی ہدایت ہے خفیہ اداروں سے منسلک افراد کو کمرہ عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے۔
مزید برآں اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے اور رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے مختصر زبانی فیصلہ کھلی عدالت میں سنایا، تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں