صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا ہیلی کاپٹر حادثے پر تشویش کا اظہار، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ عبداللہیان کی سلامتی کے لیے دعا

اتوار 19 مئی 2024 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ عبداللہیان کی سلامتی کے لیے دعا کی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے آفیشل ٹائم لائن پر کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی خبر سن کر گہری تشویش ہوئی ہے جس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ عبداللہیان اور دیگر سوار تھے۔

میری دلی دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی کی سلامتی اور تندرستی کے لیے ہیں تاکہ وہ ایرانی قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایران سے صدر سید ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حوالے سے پریشان کن خبر سنی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ بڑی بے چینی کے ساتھ اچھی خبر کا انتظار کر رہے ہیں کہ سب ٹھیک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات صدر رئیسی اور پوری ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر شدید دھند میں پہاڑی علاقوں کو عبور کرتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے وزیر خارجہ کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر ورزقان کے علاقے میں لینڈنگ کے وقت اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب صدر رئیسی آذربائیجان کے ساتھ ایران کی سرحد پر ایک ڈیم کے افتتاح کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں