پاکستان کا ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین کرتے ہیں،صدر مملکت،عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا،وزیراعظم

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 10:53

پاکستان کا ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) حکومت پاکستان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،صدر مملک آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر گہرے صدمے،افسوس کا اظہار کردیا۔صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میں جاں بحق دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے ، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا، ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے، آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف نے ابراہیم رئیسی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹرکریشن ہونے کے واقعے کو بے چینی سے دیکھ رہے تھے، ہمیں اچھی خبر کی امید تھی تاہم افسوس ایسا نہیں ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس بڑے نقصان پر ایرانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ پر ایرانی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی، ان کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، ہم ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کے وقت ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشکل وقت میں پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ ایرانی صدر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، ایرانی صدر کا دورہ تاریخی تھا، ان کے دورے میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدرکےدورے میں مل کرآگے بڑھنے پر بات ہوئی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں