سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن سے گفتگو

بدھ 22 مئی 2024 16:05

سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن سے گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے پاکستان میں انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کے لئے عالمی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے، موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں ڈیجیٹل پر مبنی حکمت عملیوں کی راہ ہموار ہو رہی ہے وہاں فیک نیوز، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یو این ڈی پی الیکشن سپورٹ پروگرام کے ذریعے تکنیکی معاونت کی فراہمی، فیک نیوز، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے اقوام متحدہ کے جائزہ مشن کی جانب سے پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کے لئے خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کے لئے عالمی اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں پاکستان میں انتخابی مہمات میں تبدیلی آئی ہے، سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے، موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں ڈیجیٹل پر مبنی حکمت عملیوں کی راہ ہموار ہو رہی ہے وہاں فیک نیوز، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیک نیوز، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پوری دنیا کا مسئلہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل محاذ پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن کو اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابی عمل میں ووٹرز کو آگاہی فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، میرے حلقہ انتخاب میں مسیحی برادری کے 70 ہزار سے زائدلوگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ انتخاب میں ہر شخص کو متحرک کیا اور انہیں ہر شعبے سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن نے حکومت پاکستان کے انتخابی عمل کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کو سراہا۔ وفد میں پولیٹیکل افیئرز افسران ہیسام منکارا، ادتیہ ادھیکاری، یو این ڈی پی ریجنل ایڈوائزر ناجیاہاشیمی، چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر یو این ڈی پی SELP میری کیومنز، پروگرام ایڈوائزر SELP یو این ڈی پی محمد قاسم جنجوعہ شامل تھے۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں