بہتر رابطہ کار ی کے ذریعے ملک میں صنعتی ترقی ، کاروباری نقل و حمل اور مجموعی معاشی ترقی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں،سینیٹر شبلی فراز

منگل 11 دسمبر 2018 21:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے تاجروںکے وفد سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کہا کہ بہتر رابطہ کار ی کے ذریعے ملک میں صنعتی ترقی ، کاروباری نقل و حمل اور مجموعی معاشی ترقی کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں اور حکومت ملک کی معاشی ترقی میں صنعتوں کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کی تاجر برادری اور خصوصاًایوان ہائے تجارت ، تجارتی تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کو مزید بہتر بنایا جائے گاتاکہ بہتر سفارشات سامنے آ سکیں اور ملک کی معیشت کو سہارا دیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیںجدید طریقہ کار اور حکمت عملیاں اپنانے کی ضرورت ہے ۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ زرعی شعبے میں نت نئے طریقوں کے ذریعے آبپاشی اور پانی کے منصفانہ استعمال سے پانی کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کیلئے نئے طریقوں پر انحصار ضروری ہوگیا ہے تاہم ان تمام اہداف کے حصول اور جامع حکمت عملی وضع کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گااور تمام فورمز سے رائے لی جائے گی تاکہ ایسی پالیسیاں بنائی جا سکیں جو معیشت کو مزید سہارا دے سکیںاور ملک کی ترقی و خوشحالی کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکے ۔اس موقع پر تاجر برادری نے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس وقت بزنس ریفارمز کی اشد ضرورت ہے تاکہ کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہو اور ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے ۔ تاجروںکے اس وفد میں چاروں صوبوں سے مختلف صنعتوں سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں