کلین گرین پاکستان موومنٹ کے تحت پانچ ستونوں پر کام کیا جا رہا ہے، ملک امین اسلم

جمعرات 17 جنوری 2019 18:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کلین گرین پاکستان موومنٹ کے تحت پانچ ستونوں پر کام کیا جا رہا ہے جس میں حفظان صحت اور تعلیم نسواں ایک بہت اہم پہلو ہے اور اس کو بروئے کار لانے کیلئے مختلف پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ زیر غور ہیں۔ انہوں نے یہ بات واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن کولیبوریٹو کونسل کی نمائندہ تانیہ خان اور یونیسف کے محمد عرفان سے ملاقات میں کہی۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ تعلیم نسواں اور نسوانی حفظان صحت کو پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام الناس میں اس کا اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے اور اس کیلئے مختلف لائحہ عمل اور تجاویز پر کام ہو رہا ہے۔ ڈبلیو ایس ایس سی سی کی نمائندہ تانیہ خان نے اپنے ادارے کے حوالہ سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات بتائیں اور نسوانی حفظان صحت کے مستقبل میں پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رہائش پزیر عوام تک اس کی رسائی، ترسیل اور فروغ میں وفاقی، صوبائی اور لوکل گورمنٹ کو اپنے فرائض اور کردار ادا کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کلین گرین پاکستان کے تعاون سے نسوانی حفظان صحت کے حوالہ سے ڈبلیو ایس ایس سی سی کے ساتھ مل کر ٹریننگ برائے نسوانی حفظان صحت کا 23 تا 29 جنوری کو انعقاد کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ نیشنل ٹریننگ فار ٹرینرز (ٹی آؤ ٹی) میں مختلف ممالک کے ریسورس پرسن کو مدعو کیا جائے گا جس میں پاکستان کے 80 ہیلتھ ورکروں کو ٹریننگ دی جاہے گی۔ ٹریننگ میں نسوانی حفظان صحت کی تعلیم اجاگر کرنے میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر کے شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے، یو این ڈی پی، یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے شرکت کریں گے۔

اس ٹریننگ کا مقصد ایسی معاشرتی پابندیوں کی نشاندہی کرنا ہے جو نسوانی حفظان صحت کو عام کرنے میں رکاوٹ ہیں اور ہیلتھ ورکرز کو نسوانی حفظان صحت کی تعلیم دینا اور اس کو دوسرے ورکرز کو منتقل کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں