عامر ڈوگر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کا اجلاس

پارلیمنٹ ہائوس کے ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار، 4 رکنی ذیلی کمیٹی قائم

بدھ 23 اکتوبر 2019 20:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں نے بجٹ کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سرانجام دینے والے سرکاری ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 4 رکنی ذیلی کمیٹی قائم کر دی ہے جو متعلقہ سرکاری اداروں سے اس ضمن میں باز پرس کرے گی۔

بدھ کو اجلاس کمیٹی کے چیئرمین عامر ڈوگر کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ وزراء خزانہ نے بجٹ 2018-19ء اور 2019-20ء کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس میں خدمات سرانجام دینے والے سرکاری اداروں کے ملازمین کو اعزازیہ دینے کا اعلان کیا تھا مگر تاحال بعض سرکاری اداروں کی طرف سے یہ ادائیگی یقینی نہیں بنائی جا سکی جس پر کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کمیٹی کی طرف سے 15 دن میں اس کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، اب تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے کمیٹی کے رکن سیّد غلام مصطفی شاہ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کر دی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے دیگر ارکان میں جاوید حسنین شاہ، سائرہ بانو اور افضل کھوکھر شامل ہیں۔ ذیلی کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ ایسے ادارے جو پارلیمنٹ کے فیصلوں میں رکاوٹ بنتے ہیں ان کی نہ صرف نشاندہی کی جائے بلکہ اس ضمن میں ان سے باز پرس کی جائے اور اعزازیہ کی ادائیگی کے حوالہ سے حکومت کی طرف سے قومی اسمبلی کے ایوان کو کرائی گئی یقین دہانی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں