جمعیت علماء اسلام (ف) کے مارچ کی وجہ سے پشاور موڑ کا ہفتہ وار بازار بند، شہری مہنگے داموں پھل اور سبزیاں خریدنے پر مجبور

جمعہ 8 نومبر 2019 23:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مارچ کی وجہ سے پشاور موڑ کا ہفتہ وار بازار گزشتہ ہفتہ سے بند ہونے سے شہری مہنگے داموں پھل اور سبزیاں خریدنے پر مجبور ہیں، پشاور موڑ ہفتہ وار بازار کی پارکنگ میں مارچ کے شرکاء کا پنڈال ہے جبکہ 400 سے زائد سٹالز پر مشتمل بازار کے تین اطراف مارچ میں شریک افراد ہر وقت موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ 27 اکتوبر کے بعد سے ہفتہ میں تین دن لگنے والا بازار سی ڈی اے نے عارضی طور پر منسوخ کر رکھا ہے۔

پشاور موڑ پر ہفتہ میں تین دن اتوار، منگل اور جمعہ کو بازارلگتا ہے جس میں تینوں دن اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کے علاوہ راولپنڈی کے بعض علاقوں سے بھی ہزاروں افراد سبزیاں، پھل، خشک میوہ جات کے علاوہ کپڑے، جوتے پلاسٹک کی اشیاء، مختلف اقسام کے برتن وغیرہ سستے داموں خرید کر اپنی ضروریات پوری کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کا یہ واحد بازار ہے جو ہفتہ میں تین دن لگایا جاتا ہے جس میں براہ راست زرعی فارم ہائوسز اور کھیتوں سے تازہ سبزیاں اور پھل سپلائی کئے جاتے ہیں جو صارفین کو مناسب نرخوں پر مارکیٹ ریٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں جبکہ موسم سرما کے آغاز کے موقع پر ان بازاروں کا لنڈا بازار بھی شہریوں کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں ہوتا لیکن مارچ کی وجہ سے اسلام آباد کے شہری ان سہولتوں سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں