حکومت تمام قومی اور سیاسی معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے

پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 6 دسمبر 2019 12:08

حکومت تمام قومی اور سیاسی معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے کہا ہے کہ حکومت تمام قومی اور سیاسی معاملات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے لئے کوششیں کر رہی ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری اپوزیشن کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے کیونکہ اپوزیشن نے اس حوالے سے غیر سنجیدہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے اور تاخیری حربے استعمال کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی فنڈنگ کیس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ملک سے بد عنوانی کے تدارک کے لئے کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت عام آدمی کا معیار زندگی بہتربنانے کے لئے سخت محنت کررہی ہے کیونکہ کم آمدنی والے طبقات کو گزشتہ کئی سالوں سے مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی مشکلات کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو قومی معیشت شدید بحران کا شکار تھی اور وزیر اعظم عمران خان قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں