احتساب عدالت کا سوزوکی موٹر کرپشن ریفرنس میں 3 ملزمان کو 7 ،7 سال قید بامشقت اور تین ،تین کروڑ روپے جرمانے کی سزا کا حکم

بدھ 29 جنوری 2020 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) احتساب عدالت نے سوزوکی موٹر کرپشن ریفرنس میں تین ملزمان کو سات ،سات سال قید بامشقت اور تین ،تین کروڑ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ہے ۔منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سوزوکی موٹر کرپشن کیس کی سماعت مکمل کرتے ہوئے تین ملزمان چوہدری ندیم ،چوہدری داود اور چوہدری ریاض کو سات ،سات سال قید با مشقت اور تین ،تین کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

(جاری ہے)

عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب )کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان سے وصول کی گئی 9کروڑ روپے کی رقم فوری طور پر متاثرین میں تقسیم کرے ۔ واضح رہے کہ راولپنڈی میں سوزوکی موٹر کے دفتر میں 127متاثرین نے گاڑیوں کے حصول کے لئے 18کروڑ روپے جمع کرائے تھے جس کے بعد ملزمان دفتر بند کر کے فرار ہو گئے۔جس پر قومی احتساب بیورو( نیب) راولپنڈی نے سات سال قبل چار ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ مقدمہ میں نامزد ملزم چوہدری مسعود وفات پا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں