معیاری کتب کی پچاس سے پچپن فیصدکم قیمت پر فراہمی این بی ایف کا بڑا کارنامہ ہے، فرح حامد خان

کتاب کے فروغ کے لیے ہم اس کے بجٹ میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کریں گے، کتاب کی روشنی سے ہی جہالت کے اندھیرے دور ہوسکتے ہیں نیشنل بُک فائونڈیشن کتاب کی تاریخ کا اہم اور فعال ادارہ ہے ، اس کی فعالیت نے بے حد متاثر کیا ، سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا ’ریڈرزکلب‘ رکنیت سازی کی ملک گیر مہم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب

پیر 19 اکتوبر 2020 20:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت فرح حامد خان نے کہاکہ معیاری کتب کی پچاس سے پچپن فیصد تک کم قیمت پر فراہمی نیشنل بُک فائونڈیشن کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔، حکومت اس مقصد کے لیے اس کے بجٹ میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کرے گی۔ کتاب کی روشنی سے ہی جہالت کے اندھیرے دور ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل بُک فائونڈیشن میں ’’ریڈرز کلب‘‘ رکنیت سازی کی ملک گیر مہم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں کیا۔قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر این بی ایف اشتیاق احمد ملک کے علاوہ کتاب دوست اور اہل قلم حضرات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔محترمہ فرح حامد خان نے کہا کہ علم اور کتاب دوستی کے بغیر معاشرے کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

کتاب بینی کے فروغ کے لیے حکومت ایک مربوط حکمت عملی پر کاربند ہے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سمیت معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص نوجوانوںمیں مطالعہٴ کتب کے رجحان کو پروان چڑھاناوقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہماری تاریخ، اس کے اہم کرداروں، ہمارے ہیروز، فنکاروں، اہل علم و ادب ، شعر و سخن سے وابستہ شخصیات اور ان کے کارناموں اورافکار سے آگاہی عام ہو۔

وفاقی سیکرٹری نے اشتیاق احمد ملک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رعایتی قیمت پر معیاری کتب کی فراہمی کے دائرہ میں توسیع خوش آئند ہے۔ اس سے کتاب دوستی کے کلچر کی نشوونما میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ این بی ایف کی کارکردگی سب کے لیے ایک مثال اور نمونے کی حیثیت رکھتی ہے۔اپنے ابتدائی کلمات میں قائم مقام مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بُک فائونڈیشن اشتیاق احمد ملک نے مہمان خصوصی محترمہ فرح حامد خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ رعایتی قیمت پر کتب کی فراہمی کا دائرہ این بی ایف کے پینل پر موجود دیگر دکانوں تک پھیلادیا گیا ہے تاکہ عوام ملک بھر میں اس رعایتی سکیم سے مستفید ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت جناب شفقت محمود اور وفاقی سیکرٹری فرح حامد خان جیسی علم اور کتاب دوست شخصیات کی سرپرستی اور مسلسل رہنمائی میں ریڈرز کلب اور رعایتی قیمت پر کتابوں کی فراہمی کا سلسلہ مزید آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد، لاہور، ملتان سمیت ملک بھر میں اس سکیم کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ایم ڈی نیشنل بُک فائونڈیشن نے مہمانِ خصوصی کو نیشنل بُک فائونڈیشن کی کارکردگی کے حوالے سے مختصراً بریف بھی کیا۔

اس موقع پر انہوں نے ریڈرز کلب کی رکنیت کا فارم بھی پُر کیا اور کارڈ حاصل کیااس کے بعد انہوں نے نیشنل بُک میوزیم ، کوچہٴ کتاب، حافظ شیرازی کارنر، نظامی گنجوی کارنر، این بی ایف بُک شاپ، ٹیکسٹ بُک اور مطبوعات سیکشن کا بھی خصو صی دورہ کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے این بی ایف بُک پارک میں یادگاری پودا لگاتے ہوئے اس کی نشوونما اور ادارے کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اس تقریب کی نظامت ممتاز شاعر محبوب ظفر نے ادا کرتے ہوئے بتایا کہ این بی ایف نے ریڈرز بُک کلب کا آغاز 1984-85 میں کیا تھا۔ اب یہ پودا ایک تنا ور درخت کی صورت فروغِ کتب بینی اور کتاب دوستی کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر سینئر کتاب دوست ، نامورشاعر ، دانشور اور نیشنل بُک فائونڈیشن کے بُک ایمبیسیڈر سرفراز شاہد نے عام لوگوںکی نمائندگی کرتے ہوئے اس اسکیم کو شائقینِ کتب کے لیے ایک تحفہ اور انعام قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں