فلم سازی کے خواہش مند نوجوان 30 مئی تک دوسرے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کیلئے خودکو آن لائن رجسٹر کر سکتے ہیں، وزارت اطلاعات و نشریات

منگل 24 مئی 2022 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وزارت اطلاعات و نشریات نے اعلان کیا ہے کہ فلم سازی کے خواہش مند نوجوان 30 مئی تک دوسرے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ء کیلئے خود کو آن لائن رجسٹر کر سکتے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات اور انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مشترکہ تعاون سے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ء کا موضوع ''سمندر سے پہاڑوں تک'' ہے۔

فیسٹیول کی رجسٹریشن تمام نوجوانوں بالخصوص یونیورسٹیوں میں میڈیا کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کے لئے کھولی گئی ہے۔ رجسٹرڈ امیدوار 30 جون تک اپنی شارٹ فلم اور دستاویزی پراجیکٹس جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ حکام کے مطابق فلموں اور ڈاکومنٹریز کی تیاری میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان ww.moib.gov.pk/nasff یا www.ispr.gov.pk/nasff پر خود کو رجسٹر کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خواہش مند نوجوان رجسٹریشن فارم ڈائون لوڈ بھی کر سکتے ہیں اور انہیں پُر کر کے [email protected] یا [email protected] پر بھجوا سکتے ہیں۔ نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ء کا انعقاد خواہش مند فلم میکرز کی جانب سے زبردست ردعمل ملنے پر کیا گیا جنہوں نے گزشتہ سال امیچور فلم فیسٹیول میں جوش و خروش سے حصہ لیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ء کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا تھا جنہوں نے فلم، ٹیلی وژن پروڈکشن اور ماس میڈیا کمیونیکیشن کو اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر کے طور پر منتخب کیا۔

یہ ایسے نوجوانوں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہوگا۔ بحیرہ عرب کے پانیوں سے لے کر کرہ ء ارض کی بلند ترین چوٹیوں تک پاکستان کا منفرد جغرافیہ ایک ایسا سرمایہ ہے جس کا بہت سے ممالک مقابلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے فلم فیسٹیول کے تھیم ''سمندروں سے پہاڑوں تک'' کے انتخاب کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے متنوع مناظر، ثقافت اور قدیم ورثے کو دکھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم فیسٹیول میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو دنیا کے معروف میڈیا اداروں کے لئے سکالر شپس دیئے جائیں گے۔ نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول 2022ء میں بہتری کارکردگی کیلئے ایوارڈز اور انعامات کی آٹھ کیٹیگریز ہیں جن میں بہترین انڈر گریجویٹ فلم، بہترین موبائل فلم، بہترین اسپیشل کیٹیگری فلم، بہترین سینما فوٹو گرافی، بہترین ایڈیٹنگ، بہترین ڈائریکشن، بہترین ریسرچ اور سب سے کم عمر فلم میکر شامل ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات میں نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کے لئے ایک ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، کسی بھی مشکل کی صورت میں دفتری اوقات میں ہیلپ ڈیسک اور 051-9273537 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں