پاکستانیوں نے 2023 میں اپنے موبائل فون پر کل 99 بلین گھنٹے گزارے، ایپ ڈاؤن لوڈز کی 3.51 بلین تعداد ریکارڈ ،رپورٹ

منگل 23 اپریل 2024 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) اینڈرائیڈ موبائل پر گزارے جانے والے گھنٹوں کے لحاظ سے پاکستان عالمی سطح پر 10ویں نمبر پر ہے، پاکستانیوں نے 2023 میں اپنے موبائل فون پر کل 99 بلین گھنٹے گزارے۔سٹیٹ آف ایپس رپورٹ فار پاکستان کے مطابق، جو آئی ٹی سروسز کمپنی ڈیٹا دربار نے اماراتی پریمیم سٹریمنگ پلیٹ فارم بی گن کے تعاون سے شائع کیا ہے کے مطابق 2023 میں پاکستان میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 124 ملین تک پہنچ گئی جبکہ ایک صارف کا اوسطاً ماہانہ ڈیٹا استعمال 7.5 جی بی رہا۔

پاکستان نے پورے سال میں ایپ ڈاؤن لوڈز کی تقریباً 3.51 بلین تعداد ریکارڈ کی گئی ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند سال میں، پاکستان نے خود کو تیزی سے ترقی کرنے والی ایپ مارکیٹوں میں سے ایک کے طور پر پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

2022 میں، اس کی شرح نمو میں تقریباً 35 فیصد اضافہ ہوا (2021 میں 2.61 بلین ڈاؤن لوڈز سے 2022 میں 3.52 بلین ڈاؤن لوڈز تک)، تاہم، 2023 میں، مارکیٹ تقریباً فلیٹ رہی (0.3 فیصد کی کمی آئی )۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ سست روی عالمی رجحان کے مطابق ہے جہاں 2023 میں دنیا بھر میں ڈاؤن لوڈز صرف 0.8 فیصد بڑھ کر 257 بلین ہو گئے، جو ایک سال قبل 255 بلین تھے۔ رپورٹ کے مطابق، وڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک 2023 میں پاکستان میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ کے طور پر سامنے آیا۔ ایپ کو 31.8 ملین بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔ واٹس ایپ 23.9 ملین ڈاؤن لوڈ زکے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

فیس بک، واٹس ایپ اور کیپ کٹ بالترتیب تیسرے (23.4 ملین ڈاؤن لوڈ)، چوتھے (22.8 ملین ڈاؤن لوڈ) اور پانچویں (20.6 ملین ڈاؤن لوڈ) رہے۔ گیمز ڈاؤن لوڈز کا ایک تہائی سے زیادہ بنتے ہیں۔ تمام پاکستانی ڈاؤن لوڈز میں سے 36 فیصد گیمز تھیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ براڈ بینڈ کی رسائی مالی سال 23 میں 53.6 فیصد تک بڑھ گئی، جو ایک سال پہلے 51 فیصد تھی۔

یہاں کی پوری ترقی 4 جی کی قیادت میں ہے، جہاں سبسکرپشنز میں 12.5 ملین کا اضافہ ہوا، جو کہ 3G کی طرف سے 3.8 ملین کمی کی نفی کرنے سے زیادہ ہے۔ تاہم، کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلولر سبسکرپشنز میں سالانہ کمی واقع ہوئی جو کہ تشویش کا باعث ہے ۔ گزشتہ سال 190.9 ملین سیلولر سبسکرپشنز کو بند کیا گیا ، جو کہ 1.9 فیصد کمی ظاہر کرتا ہے۔ یہ کم از کم چھ سالوں میں کمی کی پہلی مثال ہے، اور ممکنہ طور پر ریکارڈ پر ہے۔

ڈیٹا دربار کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی ڈویلپرز اب تک ایپ مارکیٹ کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔ 2023 میں ان کی طرف سے 4,800 سے کچھ زیادہ ایپس جاری کی گئیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 11.4 فیصد کم ہے۔ تاہم، مقامی طور پر تیار کردہ گیمز میں چار سال کی کمی کے بعد تھوڑا سا اضافہ دیکھا گیا۔ایپ ڈویلپر وائرو اے آئی ( VyroAI) سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی مقامی ایپس کے چارٹ میں سرفہرست ہے۔

۔ایزی پیسا کل 12 ملین ڈاؤن لوڈز کے ساتھ چوتھی سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی مقامی ایپ بن گئی۔ تماشا 11.9 ملین ڈاؤن لوڈز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔سپر وی پی این 80 لاکھ سے زیادہ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کیے جانے والے ٹولز (افادیت اور پیداواری) ایپ تھی، جس کو 2022کے مقابلے میں ڈائون لوڈنگ 6.2 فیصد زیادہ رہی ہے۔ جیز ایپ کاروباری ایپس میں نمایاں ہے اسی طرح پرسنل اکاؤنٹ مینجمنٹ اور لائف اسٹائل ایپ کے ڈاؤن لوڈز کی تعداد 10 ملین کے قریب رہی جو کہ سال بہ سال کی بنیاد پر 16.8 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتی ہے۔

کاروباری ایپس کے زمرے میں ایک دلچسپ داخلہ "کرپٹو مینیا "کا تھا، ایک سمیلیٹر گیم جو آپ کو حقیقی رقم کو خطرے میں ڈالے بغیر کرپٹو ٹریڈنگ کی مشق کرنے دیتا ہے۔یہ ایپ 2.5 ملین سے زیادہ ڈاؤن لوڈز کے ساتھ تیسری سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی کاروباری ایپ بن گئی ۔اس کی ڈائون لوڈنگ میں 2022 کے مقابلے میں 90.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں افراط زر کے اثرات پاکستانیوں کی جانب سے ڈاؤن لوڈ کی جانے والی شاپنگ ایپس کی تعداد میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے 2023 مہنگائی، کرنسی کی قدر میں کمی اور مجموعی طور پر غیر یقینی صورتحال کا سال رہا۔ لہٰذا، ٹاپ پانچ شاپنگ ایپس دراز، او ایل ایکس، علی بابا ڈاٹ کام، مرکزاور علی ایکسپریس کے مجموعی ڈاؤن لوڈز میں 56.9 فیصد کمی واقع ہوئی ۔تاہم، عالمی سطح پر، 2023 میں اس صنف میں ڈاؤن لوڈز کی تعداد معمولی 0.5 فیصد بڑھ کر 6.26 بلین ہو گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں