کتب بینی کے فروغ کیلئے لائبریریز کے دائرہ کار کو دیہی علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے ، ڈی جی شعبہ لائبریری

منگل 23 اپریل 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) آئی سی ٹی کے شعبہ لائبریری کے ڈائریکٹر جنرل محمد ارشاد نے کہا ہے کہ کتب بینی کے فروغ کے لئے لائبریریز کے دائرہ کار کو دیہی علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے ، بس سٹینداور پارک لائبریریز کے منصوبہ پر بھی کام ہو رہا ہے۔ کتاب کے عالمی دن کے حوالے سے منگل کو گفتگو کر تے ہو ئے محمد ارشاد نے کہا کہ شعبہ لا ئبریری نے اس حوالے سے کتاب میلہ ، سیمینارز، آگاہی سیشنز اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتاب کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشرےمیں اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتب بینی کے فروغ کے لئے شعبہ لائبریری کا دائرہ کار وفاقی دارالحکومت کے دیہی علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے ، لائبریریز کی تعداد میں اضافہ پر کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ لائبریریز کلب بھی بنائے جائیں تاکہ لوگ لائبریریز سروسز کے ساتھ ساتھ اس کی کمیونٹی سروسز سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ موبائل لائبریری سروس شروع کی گئی تھی اس کا بہت فائدہ ہوا ،کوشش ہے کہ اس کو بھی دیہی علاقوں تک لے جایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بس سٹینڈ لائبریریز اور پارک لائبریریز بھی قائم کرنے پرغور کر رہے ہیں اوراس سلسلے میں ہمیں لوکل ایڈ منسٹریشن کا بھرپور تعاون حاصل ہے اور ہم اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اس سلسلے میں بہتر انداز میں کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

محمد ارشاد نے کہا کہ نوجوان نسل کتاب سے دور ہوتی جارہی ہے کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ تمام معلومات موبائل اور انٹرنیٹ پر موجود ہ ہیں، یہ معلومات کا یک ذریعہ تو ہوسکتا ہے لیکن اگر ہم سنجیدگی اور ریسرچ کی بات کریں تو جو اہمیت کتاب کو حاصل ہے وہ کسی اور معلومات کے ذریعے کو نہیں، کتاب سے شخصیت کو نکھار حاصل ہوتا ہے اور طلبہ کی مہارتو ں میں اضافہ ہوتا ہے،کتابوں سے کتب بینی کی طرف رجحان بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل اور کمپیوٹر آلات کے استعمال سے بہت سے معاشرتی مسائل کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت کے مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو سالگرہ اور دیگر اہم مواقعوں پر کتابوں کا تحفہ دیں۔ انہوں نے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ طلبہ میں کتب بینی کے رجحان میں اضافہ لئے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں