وفاقی وزراء کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ،سہولیات پر عدم اطمینان کااظہار

لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کائونٹرز میں اضافہ کیا جائیگا،وفاقی وزیر داخلہ کی ایئرپورٹ پر سرچ کے طویل اور 3 درجاتی عمل کو آسان اور تیز بنانے کی ہدایات جاری

جمعہ 3 مئی 2024 19:51

وفاقی وزراء کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ،سہولیات پر عدم اطمینان کااظہار
لاہور، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2024ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا ،وفاقی وزرائ نے مسافروں کیلئے سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا، لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کائونٹرز میں اضافہ کیا جائیگا،وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی وزیر ایوی ایشن و دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا۔

وفاقی وزرائ نے امیگریشن کائونٹرزپر مسافروں کیلئے انتظامات کابھی جائزہ لیا، اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کے سرچ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا، وفاقی وزرائ نے ایئرپورٹ پر مسافروں کیلئے موجود سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر سرچ کے طویل اور 3 درجاتی عمل کو آسان اور تیز بنانے کی ہدایات جاری کیں اوراے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز کے حکام سے سرچ کو سہل بنانے کا پلان طلب کر لیا اور قابل عمل پلان اگلے 24 گھنٹے میں تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

بعدازاں وفاقی وزرائ کی زیر صدارت ایئرپورٹ کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا جس میں ائیرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کے بارے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزرائ نے متعلقہ حکام کو مسافروں کے لئے سہولتیں بڑھانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ پر کامیاب تجربے کے بعد سرچ کے عمل کو دیگر ایئرپورٹس پر بھی شروع کیا جائے گا، ایئرپورٹس پر مسافروں کی آمدورفت سہل بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امیگریشن کائونٹرز بڑھنے سے مسافروں کو انتظار سے نجات ملے گی، مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کیلئے آئوٹ آف باکس اقدامات کئے جائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں