زونگ نے جے ایس بینک کے مالیاتی پلیٹ فارم (زندگی) کے اشتراک سے زی والٹ متعارف کرا دیا

پیر 17 اگست 2026 20:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) ٹیکنالوجی سروسز کمپنی زونگ نے جے ایس بینک کے مالیاتی پلیٹ فارم (زندگی) کے اشتراک سے زی والٹ متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے زندگی کے بینکنگ اینڈ سروس انفراسٹرکچر کی مدد سے ریگولیٹڈ ڈیجیٹل مالیاتی سروسز براہ راست مائی زونگ ایپ میں فراہم کی جائیں گی۔پیرکو مقامی ہوٹل میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ سمیت انڈسٹری کی دیگر اہم شخصیات اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔

زی والٹ کا اجرا ءپاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل مالیاتی سروسز کے ارتقا کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے جس سے زیادہ استعمال ہونے والے پلیٹ فارمز میں براہِ راست بینکاری سہولیات شامل کرکے آسان، قابل رسائی اور مربوط ڈیجیٹل تجربات فراہم کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مائی زونگ ایپ کے ماہانہ 2 کروڑ 20لاکھ سے زائد فعال صارفین اب الگ بینکاری ایپ ڈاؤن لوڈ یا اس پر منتقل ہوئے بغیراپنی پہلی ایپ کے اندر رہتے ہوئے بینکنگ کی بنیادی سروسز حاصل کرسکیں گے۔

یہ اقدام زونگ کی روایتی ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹر سے ایک وسیع تر ٹیکنالوجی سروسز ادارے میں تبدیلی کی جانب ایک اور قدم ہے۔زی والٹ جے ایس بینک کے تحت زندگی کے ریگولیٹڈ بینکاری انفراسٹرکچر پر قائم ہے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت کام کرے گا۔ زی والٹ میں زونگ کے ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز اور صارفین تک رسائی کو زندگی کی ڈیجیٹل بینکاری اور مالیاتی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔

زی والٹ صارفین راست کے ذریعے پاکستان کے کسی بھی بینک میں انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر، یوٹیلیٹی اور انٹرنیٹ بلوں کی ادائیگی اور موبائل ٹاپ اپ سمیت مختلف سروسز ایک ہی لاگ اِن اور پن کے ذریعے حاصل کرسکیں گے۔ مستقبل میں اس سروس کو مزید وسعت دی جائے گی جس کے تحت چھوٹے قرضے،زی ڈیبٹ کارڈ اور خصوصی زونگ بنڈلز جیسی سروسز شامل کی جائیں گی جس سے مائی زونگ ایپ کے اندر ایک وسیع تر ایکو سسٹم تشکیل پائے گا۔

زونگ کے مارکیٹنگ ہیڈ ساجد منیر نے کہا کہ زی والٹ کا اجرا ءزونگ کے ڈیجیٹل پراڈکٹس پورٹ فولیو کو مالیاتی سروسز تک وسعت دینے، صارفین کے لئے ایک مربوط ایکو سسٹم تشکیل دینے اور ڈیجیٹل شمولیت کے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ چائنا موبائل کی عالمی ٹیکنالوجی مہارت اور جے ایس بینک کے پلیٹ فارم”زندگی“ کی مالیاتی صلاحیتوں کو یکجا کرکے کنیکٹیویٹی، ٹیکنالوجی اور فنانس کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لایا جا رہا ہے۔

زندگی کے شریک بانی اور چیف آفیسرنعمان اظہر نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مالیاتی شمولیت کا اگلا باب مزید بینکاری مراکز بنانے سے نہیں بلکہ پہلے سے زیر استعمال ایکو سسٹمز کے اندررہتے ہوئے بینکاری کی سہولیات کودستیاب بنانے سے لکھا جائے گا۔زی والٹ بڑے پیمانے پر ایمبیڈڈ فنانس کی ایک مثال ہے، جو زونگ کی ملک گیر ڈیجیٹل رسائی اور زندگی کے ریگولیٹڈ بینکنگ اینڈ سروس (BaaS) انفراسٹرکچر کو یکجا کرکے مالیاتی سروسز براہِ راست صارف کے روزمرہ ڈیجیٹل تجربے کا حصہ بناتا ہے۔

زندگی میں ہماری خواہش ہے کہ ہم ایسا مالیاتی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم بنیں جو پاکستان کے معروف کاروباری اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو اپنے صارفین کے لئے آسان اور بلا رکاوٹ مالیاتی سہولیات فراہم کرنے کے قابل بنائے۔ زونگ کے ساتھ یہ شراکت داری اسی مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔یہ شراکت داری دنیا بھر میں تیزی سے فروغ پانے والے”ایمبیڈڈ فنانس“ کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے جس میں بینکاری اور مالیاتی سروسز صارفین سے الگ روایتی مالیاتی چینلز سے رجوع کرنے کا تقاضا کرنے کے بجائے ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، ایپلی کیشنز اور ایکو سسٹمز کے اندر فراہم کی جاتی ہیں جنہیں وہ پہلے ہی استعمال کرتے ہیں۔

زونگ کی وسیع رسائی اور صارفین کے بڑے نیٹ ورک کو زندگی کی ”بینکنگ اینڈ سروس“ صلاحیتوں کے ساتھ ملا کر اس اقدام کا مقصد مالیاتی سروسز تک رسائی میں حائل رکاوٹیں کم کرنا اور پاکستان بھر میں ڈیجیٹل و مالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔زی والٹ کے سافٹ لانچ کے بعد ابتدائی طور پر حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ چند ہفتوں کے دوران تقریباً بائیس ہزار تصدیق شدہ والٹس فعال کیے گئے جبکہ بارہ ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز بھی مکمل ہوئیں۔

ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے پیمانے پر مارکیٹنگ وسرمایہ کاری سے قبل ہی صارفین میں آسان اور مربوط ڈیجیٹل مالیاتی سروسز کی طلب موجود ہے۔مائی زونگ ایپ کے ماہانہ پانچ لاکھ سے زائد نئے ڈاؤن لوڈزکے باعث زی والٹ کو ایک تیزی سے بڑھتے ہوئے ملک گیر ڈیجیٹل چینل تک رسائی حاصل ہے جس کے ذریعے پاکستان بھر کے صارفین تک مالیاتی سروسز کو متعارف اور وسعت دی جاسکتی ہے۔

زی والٹ زونگ کے منفرد پراڈکٹس اور سروسز پورٹ فولیو کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ کمپنی کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ کی حکمت عملی کو بھی سپورٹ کرتا ہے جس کے تحت اس کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں ذہین ٹیکنالوجیز کو مسلسل شامل کیا جا رہا ہے۔اس کا مقصد صارفین کے لئے سروسز کے حصول کو آسان، سروس ڈیلیوری کو بہتر اور زیادہ ذاتی نوعیت کا ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنا ہے جبکہ مائی زونگ ایپ کو روایتی ٹیلی کام سروسزسے آگے ایک وسیع تر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر ترقی دینا بھی اس کا اہم جزوہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں