ٹیلیوژن، سٹیج اور فلم کے مزاحیہ اداکار اور میزبان معین اختر کی برسی 22 اپریل کو منائی جائے گی

ہفتہ 20 اپریل 2024 12:37

ٹیلیوژن، سٹیج اور فلم کے   مزاحیہ اداکار اور میزبان  معین اختر   کی برسی 22 اپریل کو منائی جائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) پاکستان ٹیلیوژن، سٹیج اور فلم کے مزاحیہ اداکار اور میزبان معین اختر کی برسی 22 اپریل کو منائی جائے گی۔ وہ بطور فلم ہدایت کار، پروڈیوسر، گلوکار اور مصنف کام کر چکے ہیں۔پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر نے پاکستان ٹیلی ویژن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ء کو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقاریب کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔

جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں، سٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے۔معین اختر نے کئی زبانوں میں مزاحیہ اداکاری کی ہے جن میں انگریزی، سندھی، پنجابی، میمن، پشتو، گجراتی اور بنگالی کے علاوہ کئی دیگر زبانیں شامل ہیں اور اردو میں انکا کام انکو بچے بڑے، ہر عمر کے افراد میں یکساں مقبول بناتا ہے۔

(جاری ہے)

وہ اداکار لہری سے متاثر تھے ۔ان کے ٹی وی ڈراموں اور پروگراموں کو شمار کرنا محال ہے۔ معین اختر مرحوم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ واضح رہے کہ لیجنڈ اداکار معین اختر 22 اپریل 2011ء کو دل کا دورہ پڑنے سے کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی، ادبی حلقوں اور شو بز انڈسٹری کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا اور ان کی خدمات پر ان کو خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں