فیصل آباد میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع

سی ای او ایجوکیشن کا مختلف سکولوں کااچانک دورہ، کوروناایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:39

مکوآنہ / جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2021ء) فیصل آباد میں طلبہ کی 50 فیصد حاضری کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں جبکہ سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد علی احمد سیان نے جمعرات کو ایس او پیز کی چیکنگ کیلئے اچانک مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور سکول انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ابھی برقرار ہے لہٰذ سکول انتظامیہ کسی غفلت یا کوتاہی سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ہر کلاس کے نصف طلبہ کو ایک دن جبکہ باقی نصف کو دوسرے دن سکول بلائے اس طرح ہر طالبعلم ہفتہ میں3 دن سکول آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں کے داخلی راستوں پر سکول کا عملہ طلبہ کا ٹمپریچر چیک کررہا ہے اور ان کی ہینڈ سینیٹائزنگ کیلئے بھی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کسی طلبہ یا ٹیچر و کلیریکل سٹاف ممبر کو فیس ماسک کے بغیر سکول میں داخلے کی اجازت نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حفظ ما تقدم کے پیش نظر طلبہ پینے کے پانی کی بوتلیں گھروں سے لیکر آئیں،ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے گریز کریں، سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور کوئی ایسا اقدام نہ کریں جس سے کورونا پھیلنے کا اندیشہ ہو۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے حکام مسلسل سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو چیک کرنے کے لیے اچانک سکولوں کے دورے کررہے ہیں اسلئے اگر کسی جگہ کورونا ایس او پیز کی کوئی خلاف ورزی پائی گئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور 15 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کورونا ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں