اداکارہ مینا شوری کی36ویں،معروف نغمہ نگار احمد راہی کی 21ویں برسی کل منائی جائیگی

جمعہ 1 ستمبر 2023 20:12

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2023ء) ماضی کی مشہور فلمی اداکارہ مینا شوری کی36ویں اورمعروف شاعر،نغمہ نگار و مصنف احمد راہی کی 21ویں برسی کل(ہفتہ) دو ستمبرکو منائی جائے گی۔مینا شوری کا اصل نام خورشید جہاں تھا اور وہ 1921میں رائے ونڈ میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز بمبئی میں سہراب مودی کی فلم سکندر سے ہوا۔

اس فلم کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت کے دروازے مینا شوری کے لئے کھل گئے۔اس زمانے میں بننے والی ان کی دیگر فلموں میں پھر ملیں گے، پتھروں کا سوداگر، شہر سے دور، پت جھڑ، چمن اور ایک تھی لڑکی کے نام شامل ہیں۔ایک تھی لڑکی میں ان پر فلمائے ہوئے ایک نغمے کے بول کی وجہ سے ان کا نام لارا لپا گرل پڑ گیا۔قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے کراچی اور پھر لاہور میں سکونت اختیار کی۔

(جاری ہے)

ان کی مشہور فلموں میں سرفروش، جگا،جمالو، بڑا آدمی، ستاروں کی دنیا، گل فروش، بچہ جمہورا،بہروپیا، آخری نشان، گلشن، تین اور تین، پھول اور کانٹے، موسیقار،خاموش رہو، مہمان اور مجاہد شامل ہیں۔اداکارہ مینا شوری سرطان جیسے مہلک مرض میں مبتلا ہوکر جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔معروف شاعر، نغمہ نگار ومصنف احمد راہی کی21ویں برسی بھی 2ستمبر کو منائی جائے گی۔

احمد راہی نے ملک معروف پاکستانی فلمی گیت لکھے،جبکہ پنجابی شاعری میں بھی اہم مقام حاصل کیا۔احمد راہی کا اصل نام غلام احمد تھا۔انہوں نے ابتدائی تعلیم امرتسر میں حاصل کی۔ ایم اے او کالج میں داخلہ لیا مگر تعلیم مکمل نہ کرسکے۔ احمد راہی اعلی پائے کے مصنف ومکالمہ نویس اور نغمہ نگار تھے انہیں بیک وقت ارد و اور پنجابی پر دسترس حاصل تھی۔ احمد راہی دو ستمبر 2002 کو لاہور میں ا نتقال کر گئے تھے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں