واپڈا فیسکو سلطان باہو ڈویژن جھنگ کی شاندار کارکردگی ‘ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 180بجلی چور پکڑ لئے گئے۔ ایک کروڑ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بل وصول

منگل 2 جون 2015 16:07

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جون۔2015ء) واپڈا فیسکو سلطان باہو ڈویژن جھنگ نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ چند روز میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 180بجلی چور پکڑ لئے ہیں جن سے ایک کروڑ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بل وصول کئے گئے ہیں نیز فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے تمام کمرشل، زرعی و گھریلو صارفین کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ غیر قانونی طریقوں سے بجلی چوری سے گریز کریں بصورت دیگر دوران چیکنگ بجلی چوری پکڑے جانے پر ان کے خلاف نہ صرف پولیس تھانوں میں فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے بلکہ ان کے کنکشن منقطع کرنے سمیت ان سے بطور جرمانہ بھاری ڈیٹیکشن بلوں کی وصولی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

واپڈافیسکو سلطان باہو ڈویژن جھنگ کے ایکسین فیصل رضا مارتھ نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ سلطان باہو ڈویژن کے علاقوں میں سختی سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہاہے اور اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مشکوک میٹرز کی خفیہ وا علانیہ چیکنگ کاسلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ 180افراد کو غیر قانونی طریقے سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ کر ان کے خلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں 180مقدمات درج کروائے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی اور چیف ایگزیکٹو فیسکو رشید احمد اسلم کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف زیر و ٹالرنس پالیسی کااعلان کیاگیاہے جس کے باعث اب بجلی چوروں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں کے قلع قمع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور اس ضمن میں کسی کی سیاسی وسماجی حیثیت کاخیال نہیں رکھا جائیگا۔ انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اپنے بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ فیسکو اپنی بلاتعطل خدمات کاتسلسل جاری و ساری رکھ سکے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں