الیکشن ٹربیونل فیصل آباد ڈویژن میں لیگی ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف انتخابی عذرداریوں کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی

جمعرات 19 مارچ 2015 19:29

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) الیکشن ٹربیونل فیصل آباد ڈویژن کے جج احسن محبوب رشیدی کی جمعرات کے روز لاہور میں سرکاری مصروفیات کے باعث صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78شہری نشست جھنگ سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگ (ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی خواتین راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف انتخابی عذرداریوں کی سماعت 26 مارچ بروز جمعرات تک ملتوی کردی گئی ہے جبکہ موصوفہ کوآئندہ تاریخ پیشی پر ایویڈنس پیش کرنے کا حتمی موقع فراہم کردیا گیا ہے نیز شہادتوں کے فوری بعد فیصلہ سنائے جانے کا بھی امکان ہے ۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ اور مذکورہ حلقہ سے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی ، شیخ دانیال اقبال ، ماسٹر محمد سعید اختر اور ایک شہری شیخ طارق اسلم کی جانب سے کامیاب امیدوار راشد ہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداریوں میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردینے کی درخواست کی گئی تھی جن میں ایک الزام یہ بھی تھاکہ چونکہ حسنین کنسٹرکشن کمپنی نادہندہ ہے اور راشدہ یعقوب شیخ اس کمپنی کی مبینہ طور پر ڈائریکٹر بھی ہیں نیز ان کے خاوند شیخ محمد یعقوب سابق ایم پی اے کو بھی اس کمپنی کا ڈائریکٹر ہونے کے باعث ڈیفالٹ کی وجہ سے نااہل قراردیاگیاتھا لہٰذا راشدہ یعقوب شیخ کس طرح الیکشن کی اہل قرار پاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں گزشتہ روز کیس کی سماعت کے موقع پر راشدہ یعقوب شیخ کی جانب سے شہادتیں پیش نہ کئے جانے پر انہیں 2 الگ الگ درخواستوں کی سماعت کے دوران 10،10ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیاگیا اور 19مارچ بروز جمعرات کی حتمی تاریخ برائے پیشی ایویڈنس مقرر کی گئی تھی تاہم جج موصوف کی شہر میں عد م موجودگی اور لاہور میں سرکاری مصروفیات کے باعث اب مزید کاروائی 26مارچ بروز جمعرات کو ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں