پنجاب حکومت گنا خریداری مہم کی کڑی نگرانی کر رہی ہے،ڈپٹی کمشنر جھنگ

منگل 18 دسمبر 2018 20:07

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت گنا خریداری مہم کی کڑی نگرانی کر رہی ہے۔ کسانوں کو گنے کی رقم کی ادائیگی جلد سے جلد کی جائے،مل انتظامیہ کی جانب سے کسانوں پر ظلم قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا،مڈل مین کلچر ختم کر دیا گیا ہے اور ان پر پرچے دئیے جارہے ہیں۔یہ بات انہوںنے تحصیل اٹھارہ ہزاری اور شورکوٹ میں واقع شوگر ملوں میں گنے کی سپلائی کے مراحل کی مانیٹرنگ کے دوران اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔

اسسٹنٹ کمشنرزاور دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے گنے کے کاشتکاروں سے انہیں درپیش مسائل بارے تفیصلاً معلومات حاصل کیں اور انکے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ گنے کی فروخت اور مڈل مین کے کردار کے خاتمہ کے حوالہ سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ شوگر ملوں کی انتظامیہ کی طرف سے وزن میں کمی اور ادائیگی میں تاخیراوررکاوٹ بارے کسانوں کی شکایات پر فوری رد عمل کرتے ہوئے انکا ازالہ بھی کیا جائے گا۔

انہوںنے مزید کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ گنے کے کاشتکاروں کو 180روپے فی من کے حساب سے ادائیگیوں کو یقینی بنائیں ۔ ناجائز کٹوتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ضلعی انتظامیہ غیر قانونی کنڈوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاکر انکے خلاف مقدمات درج کروارہی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ گنے کی ٹرالیوں کے روٹس پر ٹریفک کا بہائو بھی برقرار رکھا جائیگا تاکہ عوام کو دشواری کا سامان نہ کرنا پڑے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے کشمیر شوگر مل، ہنزہ شوگر مل اور حق باہو شوگر مل میں کریشنگ سیزن کے حوالہ سے اتنظامی امور کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں