ْجھنگ ،محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے زیر اہتما م سیمپوزیم برائے آگاہی فیملی پلاننگ کا انعقاد

ہفتہ 12 جنوری 2019 16:44

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2019ء) محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے زیر اہتما م سیمپوزیم برائے آگاہی فیملی پلاننگ کا انعقاد ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں کیا گیا ،جس کے مہمانان خصوصی چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس جوئیہ تھے ،جبکہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اظہر حسین گھمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل ، چیئر مین بیت المال ریاض عشرت بھٹی سمیت محکمہ تعلیم، پنجاب رولر سپورٹ پروگرام، سول سوسائٹی اور این جی اوز کے نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل شاہد عباس جوئیہ نے بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالہ سے بہت زیادہ تشویش کا اظہار کیا اور انتظامی سطح پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

انہوںنے آبادی کو کنٹرول کرنے کے حوالہ سے محکمہ بہبود آبادی کی سرگرمیوں اور کاوشوں کو سراہا۔چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال نے کہا کہ بہتر حکمت عملی اختیار کرنے سے ہی ہم بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کر سکتے ہیں اوراس ضمن میں وسیع پیمانے پر حکومتی اقدامات جاری ہیں ۔

ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر اظہر حسین گھمن نے محکمانہ کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور انتظامی اور مذہبی حوالہ سے فیملی پلاننگ پر روشنی ڈالی ۔انہوںنے کہا کہ مناسب وقفہ نہ ہونے کے باعث بچو ں کی صحت اور زچگی کے دوران ہونے والی اموات دن بدن بڑھتی جار ہی ہیں۔اس موقع پر دیگر مقررین نے شرکاء سیمینار کو بچوں کی تعلیم و تربیت اور مناسب وقفہ کے بارے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد عباس جوئیہ کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں