رمضان المبارک کے آغاز اور موسم گرما کی شدت کے باعث ضلع جھنگ میں بجلی کا بحران شدت اختیارکرنے لگا

روزانہ16 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود روزانہ ہزاروں کی تعداد میں نئے ریفریجریٹرز ، ڈیپ فریزر ز ،ایئرکولرز، واٹر ڈسپنسرز ، ایئرکنڈیشنرز ، پیڈسٹل وسیلنگ فینزکی فروخت جاری ‘ بجلی کی طلب میں اضافہ کے برعکس رسد پوری نہ ہونے سے لوڈ بھی انتہائی کم ہو گیا ‘ لوڈ میں اضافہ کے باعث فیڈرز کی باربار ٹرپنگ معمول بن گئی

جمعہ 19 جون 2015 19:04

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 جون۔2015ء) جھنگ میں رمضان المبارک کے آغاز اور موسم گرما کی شدت میں زبردست اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کا بحران بھی شدت اختیارکرنے لگا جس کے باعث 16 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود روزانہ ہزاروں کی تعداد میں نئے ریفریجریٹرز ، ڈیپ فریزر ز ،ایئرکولرز، واٹر ڈسپنسرز ، ایئرکنڈیشنرز ، پیڈسٹل وسیلنگ فینزکی فروخت جاری ہے نیز بجلی کی طلب میں اضافہ کے برعکس رسد پوری نہ ہونے سے لوڈ بھی انتہائی کم ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معلوم ہواہے کہ جھنگ میں رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی موسم گرما کی شدت میں زبردست اضافہ اور سورج کے سوانیزے پرآکر آگ برسانے کے باعث بجلی کی لو ڈشیڈنگ میں بھی زبردست اضافہ ہو گیاہے اور فیسکو کی جانب سے بڑے شہروں میں 6 سے 8 اور چھوٹے شہروں میں 8سے 10گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے اعلان کے برعکس جھنگ میں 16 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر بھی انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ ہر 15،20منٹ یا آدھ گھنٹے بعد اچانک ٹرپنگ کے بعد دو دو ، تین تین گھنٹے کیلئے بجلی بند کردی جاتی ہے جس سے بڑی تعداد میں الیکٹرانکس اشیاء جلنے کی بھی شکایات منظر عام پر آ رہی ہیں مگر جب اس ضمن میں فیسکو حکام سے رابطہ کیا جاتاہے کہ تو ان کا مؤقف ہوتاہے کہ چونکہ طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیاہے جس کے برعکس رسد کم ہے اس لئے اوور پریشر کے باعث فیڈر ٹرپ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ موسم گرماکی شدت کے باعث فیڈرز کی ٹرپنگ کو روکناممکن نہیں تاہم اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ دوسری جانب یہ بات بھی تشویش کاباعث ہے کہ ایک طرف بد ترین لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے مگر دوسری جانب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں نئے ریفریجریٹرز ، ڈیپ فریزر ز ،ایئرکولرز، واٹر ڈسپنسرز ، ایئرکنڈیشنرز ، پیڈسٹل وسیلنگ فینزکی فروخت بھی جاری و ساری ہے اس طرح پہلے ہی فراہم کردہ کم لوڈ میں مزید کمی واقع ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں فیڈرز کی بار بار ٹرپنگ معمول بن گئی ہے مگر لوڈ میں کمی کی شکایت دور کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہ کئے جارہے ہیں ۔

دریں اثناء کاروباری ، تجارتی اور گھریلو صارفین نے اس ضمن میں فیسکو حکام سے فوری مناسب اقدامات اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں