رواں ہفتہ بارشیں جاری رہیں گی،عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ندی نالوں کے قریب ہرگز نہ جائیں، اشفاق گیلانی

کسی بھی ہنگامی صورت حال میں انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں، انتظامیہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے حاضر رہے گی،ڈپٹی کمشنرجہلم ویلی

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:56

جہلم ویلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اشفاق گیلانی نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتہ بارشیں جاری رہیں گی، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے ،عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ندی نالوں کے قریب ہرگز نہ جائیں، کسی بھی ہنگامی صورت حال میں انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں، انتظامیہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لیے حاضر رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ندی نالوں کے قریب مت جائیں اور نہ ہی نالوں کے قریب رہائش اختیار کی جائے، محکمہ شاہرات اورایس ڈی ایم اے سلائیڈنگ ایریاز میں فوری پہنچیں اور جہاں پر سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکات بند ہو رہی ہیں فوری بحال کیا جائے اور عوام کو نقصانات سے بچایا جائے، محکمہ برقیات سلائیڈنگ کیوجہ سے متاثر ہونے والی لائنز کو فوری بحال کرے عوام بجلی کے کھمبوں یا تاروں کے نزدیک نہ جائیں۔

(جاری ہے)

عوام ہنگامی صورت حال کی صورت میں انتظامیہ کیطرف سے قائم کردہ کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ابھی مزید بارشیں ہونی ہیں جن سے ندی نالوں میں طغیانی ہو گی اور زیادہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے عوام کو مشکلات کے دوران ہر صورت ریسیکیو کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ شاہرات کو الرٹ کر دیا ہے جہاں پر سلائیڈنگ کیوجہ سے سڑک بند ہو رہی ہے وہاں پر فوری طور پر مشینری بھیجی جا رہی ہے تا کہ عوام کو سفری مشکلات سے بچایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم کی صورتحال ایسی ہے کہ ایک علاقے میں بارش اور دوسرے میں دھوپ ہوتی ہے جس کو دیکھ کر عوام ندی نالوں کے قریب چلے جاتے ہیں اور پیچھے سے بارش ہونے کے باعث نالوں میں اچانک پانی زیادہ ہو جاتا ہے جس سے نقصان ہوتا ہے اور قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں اس لیے عوام موجودہ صورت حال میں ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور اس دوران مچھلیاں پکڑنے کی کوشش کی صورت نہ کریں کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر انتظامیہ کیساتھ رابطہ کریں تا کہ بروقت امدادی کاروائی ہو سکے۔

انہوں نے سیاحوں سے اپیل ہے کہ وہ موسمی حالات کے پیش نظر سفر اختیار کریں اور ندی نالوں کے قریب ہرگز نہ جائیں۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں