سلیم بیکیا پاکستان میمن فیڈریشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین منتخب

اے پی ایم ایف کی ویب سائٹ کا اجرا، نو منتخب عہدیداروں کا میمن کمیونٹی کی خدمت کا عزم

جمعہ 17 مئی 2024 17:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) آل پاکستان میمن فیڈریشن (اے پی ایم ایف)کی سپریم کونسل کے انتخابات میں سلیم بیکیا اکثریت سے چیرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ دیگر منتخب عہدیداروں میں فرحان رومی سینئر نائب چیرمین، آصف تابانی نائب چیرمین، انجم ابراھیم نائب چیئرمین (امریکہ)اور منصور گریس کوآرڈینیٹر شامل ہیں۔ سپریم کونسل کے نو منتخب چیرمین سلیم بیکیا نے کہا کہ ان کا ویژن ہے کہ ہر میمن خاندان کو اپنی چھت فراہم کی جائے۔

انہوں نے سابقہ قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مشن کو آگے بڑھانا آسان نہیں ہوگا، لیکن ہم فلاحی عمل کو مزید توانائی فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میمن کمیونٹی کے معروف بلڈرز کے ساتھ بات چیت کی جائے گی تاکہ گھروں کی اسکیم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سلیم بیکیا نے کہا کہ میمن فیڈریشن کے تحت تمام ہسپتال نہ صرف میمن کمیونٹی بلکہ کراچی بھر سے آنے والے مریضوں کو بلا تفریق علاج فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ برادری کی فلاح کے لئے اپنے تعاون کو بڑھائیں تاکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے میمن خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جا سکے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض اے کے میمن نے انجم دیئے۔تقریب میں آل پاکستان میمن فیڈریشن کی ویب سائٹ کا اجرا کیا گیا۔ اے پی ایم ایف کے صدر شبیر ہارون نے کہا کہ ویب سائٹ پر میمن جماعتوں کی تمام معلومات اور جدید تحقیق شامل کی گئی ہے۔

اس بار کمیونٹی کے مسائل اور ان کے حل کے لئے ایک ریسرچ فرم کی خدمات حاصل کی گئیں تاکہ تماتر کمیونٹیزکے بنیادی مسائل اور ان کا حل تلاش کیا جاسکے۔ تقریب میں میمن خدمت فورم کے روح رواں حاجی مسعود پاریکھ نے سلیم بیکیا کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئے چیرمینسپریم کونسل اور پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر شبیر ہارون اور ان کی ٹیمیں باہمی تعاون سے کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے لئے کام کریں گے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر یونس بشیر نے بھی نئی قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ سلیم بیکیا اپنی ذمہ داریاں بھرپور توانائی کے ساتھ نبھائیں گے۔ میمن فیڈریشن اور سپریم کونسل کے رہنماں نے اعلان کیا کہ کمیونٹی کے نوجوانوں کی اعلی تعلیم کے لئے آئی بی اے، اقرا، حبیب اور دیگر یونیورسٹیز سے معاہدے کیے گئے ہیں تاکہ میمن طلبا کو تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ تقریب میں میمن کمیونٹی کی اہم شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں