تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران شاہ والدہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث نکلے

عمران اور اس کے بھائی جنید نے والد کے انتقال کے بعد تمام جائیداد پر قبضہ کرلیا، بدترین تشدد کا بھی نشانہ بنایا: سوتیلی والدہ کا الزام

muhammad ali محمد علی بدھ 15 اگست 2018 21:26

تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران شاہ والدہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث نکلے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست2018ء) تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران شاہ والدہ کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث نکلے، عمران اور اس کے بھائی جنید نے والد کے انتقال کے بعد تمام جائیداد پر قبضہ کرلیا، بدترین تشدد کا بھی نشانہ بنایا: سوتیلی والدہ کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران شاہ کی جانب سے تشدد کیے جانے کی شکایت لے کر سوتیلی والدہ سامنے آگئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے عمران شاہ کی سوتیلی والدہ نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے مجھ سے دوسری شادی کی، عمران اور جنید نے والد کے انتقال کے بعد تمام جائیداد پر قبضہ کرلیا، بدترین تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے عمران شاہ اور جنید شاہ پر سنگین الزامات بھی لگا دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ریحانہ شاہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی شاہ نے مجھ سے 1989ء شادی کی، میری شادی کو پہلی بیوی کے بچوں نے قبول نہیں کیا، عمران شاہ اور جنید شاہ نے اے او کلینک آکر بدترین تشدد کیا، سرجن روم میں بند کرکے زدو کوب کیا گیا۔

وہ کہتی ہیں کہ امریکا میں مقیم میرے بیٹے کو جان کا خطرہ ہے، عمران شاہ نے مجھے اور میرے بیٹے کو دھمکی دی، اب ایم پی اے بننے کے بعد اور ڈر لگ رہا ہے، میں میڈیا میں محمد علی شاہ کی وجہ سے نہیں آئی۔ انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ مجھے انصاف اور شرعی و معاشرتی طور پر جائز حق دلوائیں، ہمیں سکون سے پاکستان میں رہنے دیں۔ دونوں بھائیوں کا تعلق ایم کیو ایم سے رہا ہے اور اس کے ذریعے مجھے دھمکیاں دیں۔ واضح رہے کہ عمران شاہ گزشتہ روز کراچی میں سرعام ایک عام شہری کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد مسلسل شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ عمران شاہ کو اپنی ہی جماعت کی جانب سے انکوائری کیے جانے کا بھی سامنا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں