تجاوزات کیس : سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کی رپورٹ مسترد کردی

رپورٹ ابھی واپس لے لیں اگر اس پر آرڈر کیا تو آپ کی پوری حکومت ہل جائے گی. عدالت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 جنوری 2019 12:42

تجاوزات کیس : سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کی رپورٹ مسترد کردی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جنوری۔2019ء) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت دی کہ آپ کی یہ رپورٹ کسی کام کی نہیں،اچھا ہوگا کہ رپورٹ آپ ابھی واپس لے لیں،اگر اس رپورٹ پر ہم نے آرڈر کیا تو آپ کی پوری حکومت ہل جائے گی. عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایڈوکیٹ جنرل ہمیں لوری مت سنائیں ،آپ کو پتہ ہے لوری سنانے کا مطلب کیا ہے،اسکا مطلب ہے لوری سنو اور سوجاﺅ، ہم یہاں لوری سن کر سونے کے لیے نہیں بیٹھے.

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل میں تبدیل کرنے اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کی رپورٹ مسترد کردی. جسٹس گلزاراحمد نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت دی کہ آپ کی یہ رپورٹ کسی کام کی نہیں،اچھا ہوگا کہ رپورٹ آپ ابھی واپس لے لیں،اگر اس رپورٹ پر ہم نے آرڈر کیا تو آپ کی پوری حکومت ہل جائے گی.

انہوں نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے پاس ممتازعلی شاہ جیساچیف سیکرٹری ہے،پھر بھی کچھ نہیں کر پارہے،بیورکریٹ تو صرف اپنی سوچتے ہیں عوام سے انکا کیا لینا دینا،آئندہ سیشن میں آرکیٹیکچر کے ساتھ مشورہ کرکے جامع رپورٹ پیش کریں. عدالت نے وزیراعلی سندھ کو کابینہ کا اجلاس بلانے اورشہر کو اصل ماسٹر پلان کے تحت بحال کرنے کے فیصلے پر مشتمل جامع رپورٹ دو ہفتوں میں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا.

دوران سماعت کے ایم سی ،کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام کی عدم موجودگی پر سپریم کورٹ برہم ہو گئی، عدالت نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے سوال کیا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ 2 کی زمین خالی ہوئی کہ نہیں؟ایم ڈی واٹر بورڈ نے عدالت کو بتایا کہ آپ کے حکم کے مطابق ٹی پی 2 کا معاملہ کے ایم سی کے سپرد ہے. سپریم کورٹ نے ٹی پی ٹو کی زمین پر قبضہ ختم کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تو ابھی تک خالی کیوں نہیں ہوا؟ٹی پی 2 کی خالی زمین پر عوامی پارک بنایا جائے.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں