ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ، 152 روپے کا ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 20 مئی 2019 15:46

ڈالر ملکی تاریخ کی  بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مئی 2019ء) : ڈالر کی قدر میں اُتار چڑھاؤ اور روپے کی مسلسل بے قدری جاری ہے۔ اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 152 روپے ہو گئی۔ جبکہ آج صبح انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 13پیسے مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کے اضافے کے بعد ڈالر 149روپے کا ہو گیا۔

دوسری جانب ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت اور ملک میں مہنگائی کے طوفان کے خدشے کے پیش نظر ڈالر کا بائیکاٹ کرنے کی تحریک چلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کئی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اپنی سیونگ کے لیے ڈالر خرید رکھے ہیں۔ ہمیں عوام سے اپیل کرنی چاہئیے کہ وہ گھروں میں موجود اپنے ڈالرز باہر لائیں اور ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانے میں اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ہمیں چاہئیے کہ ہم معیشت کو سہارا دینے کے لیے اپنے قدم بڑھائیں اور مکمل طور پر ڈالر کا بائیکاٹ کر دیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ڈالر کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے 17 مئی کو بھی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک دن کے دوران تیسری مرتبہ اضافہ ہوا تھا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 151 روپے ہو گئی۔

جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 35 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے اور اگر پٹرول کی قیمت بڑھی تو ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس میں ملک کی غریب عوام مزید پس جائے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈالر کی قیمت 200 روپے تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دوسری جانب فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کررکھا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں