پولیس نے شہر میں ایک ہفتہ کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیوں کی تفصیلات جاری کر دیں

50 ملزمان گرفتار ہوئے ، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات ، چوری اور چھینی گئی گاڑیاں برآمد کی گئیں‘ ترجمان کراچی پولیس

اتوار 24 مئی 2020 22:10

کراچی۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2020ء) کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کی گئیں کارروائیوں کی تفصیلات جاری کردیں ۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی خصوصی ہدایت پر شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور سائوتھ ذون میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1250 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی 92 کلو سے زائد اعلی کوالٹی کی چرس اور 1 ہزار 700 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 64 سے زائد غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن تحویل میں لے لیا گیا جسے فارنزک کیلئے بھیجا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولیس کے انسداد جرائم مہم کے دوران ملزمان کیساتھ 7 مقابلے ہوئے جس میں فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکوں کی ہلاکت ہوئی۔سرجانی ٹائون تھانے کی حدود میں دو روز قبل شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث دو ڈاکوئوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل محبوب نے جام شہادت نوش کیا۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں سے 3 سے کار/موٹرسائیکل لفٹرز گروہوں کو گرفتار کر کے چوری و چھینی گئی 10سے زائد موٹرسائیکلیں تحویل میں لے لیں۔ ترجمان کراچی پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہینگے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں